اسلام آباد: جرمنی کی سفیر برائے پاکستان مسز اینا لیپل نے آج ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سیکریٹریٹ میں چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چیئرمین ایچ ای سی نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹیوں کے درمیان روابط کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرامز کے لیے مضبوط فریم ورک تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی اسکالرز کو جرمن جامعات میں قلیل مدتی تحقیق اور طویل مدتی ڈگری پروگرامز کے لیے بھیجنے کی تعداد میں اضافہ ایک بڑی ترجیح ہے۔چیئرمین ایچ ای سی نے جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس (DAAD) کی مستقل معاونت کو سراہا اور جرمن یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل پاکستانی سابق طلبہ کے نیٹ ورک کو متحرک کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جرمن سفیر مسز اینا لیپل نے بھی ان خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلیمی و سائنسی تعاون بین الاقوامی سائنسی ترقی کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے اور مستقبل میں اس شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔