اگر آپ نے کبھی روزمرہ ٹریفک سے اوپر اُڑ کر سفر کرنے کا خواب دیکھا ہے تو یہ خواب جلد حقیقت بن سکتا ہے، کیونکہ دنیا کی پہلی فلائنگ کار کی باقاعدہ پیداوار شروع کر دی گئی ہے۔ امریکی کمپنی الیف ایئروناٹکس (Alef Aeronautics) نے اعلان کیا ہے کہ اس کی جدید Model A Ultralight فلائنگ کار جلد ابتدائی صارفین کو فراہم کی جائے گی۔

یہ مستقبل کی جھلک پیش کرنے والی گاڑی آٹھ پوشیدہ پروپیلرز کی مدد سے عمودی طور پر پرواز کر سکتی ہے، جو گاڑی کے اگلے اور پچھلے حصوں میں نصب ہیں۔ پرواز مکمل ہونے کے بعد یہی گاڑی عام کار کی طرح سڑک پر بھی چل سکتی ہے۔ اس فلائنگ کار کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 35 ہزار پاؤنڈ رکھی گئی ہے۔الیف ایئروناٹکس کے چیف ایگزیکٹو جم دوخوفنی (Jim Dukhovny) نے کہا کہ“ہمیں خوشی ہے کہ دنیا کی پہلی فلائنگ کار کی پیداوار طے شدہ وقت کے مطابق شروع ہو گئی ہے۔ ہماری ٹیم نے دن رات محنت کی کیونکہ لوگ اس لمحے کے منتظر تھے۔”
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی روایتی فلائنگ ٹیکسیوں سے مختلف ہے، کیونکہ اسے کسی ایئرپورٹ یا ورٹی پورٹ کی ضرورت نہیں۔ Model A ایک مکمل روڈ لیگل الیکٹرک گاڑی بھی ہے اور eVTOL ٹیکنالوجی کے تحت بغیر پروں کے عمودی پرواز کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

کمپنی کے مطابق گاڑی میں پائلٹ اور ایک مسافر کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ زمین پر اس کی رینج 200 میل (321 کلومیٹر) جبکہ فضا میں 110 میل (177 کلومیٹر) تک ہے۔ گاڑی کا وزن صرف 385 کلوگرام ہے، جس کے باعث اسے الٹرا لائٹ لو اسپیڈ وہیکل کے طور پر درجہ بندی دی گئی ہے۔ اسی وجہ سے سڑک پر اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 25 میل فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔
الیف ایئروناٹکس کو 2023 میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) سے ایئرورتھینس سرٹیفکیشن بھی حاصل ہو چکا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے اب تک 3,500 پری آرڈرز موصول ہو چکے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 800 ملین پاؤنڈ سے زائد ہے۔تای۔کمپنی کے مطابق مستقبل میں جب بڑے پیمانے پر پیداوار ممکن ہوگی تو فلائنگ کار کی قیمت کم ہو کر تقریباً 25 ہزار پاؤنڈ تک آ سکتی ہے، لیکن فی الحال محدود تعداد میں ہی یہ انقلابی گاڑیاں تیار کی جا رہی ہیں۔
#Flying cars