Home خبریں وفاقی وزیرِ ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کا یوای ٹی نارووال کیمپس کی گرینڈ جامع مسجد کا افتتاح

وفاقی وزیرِ ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کا یوای ٹی نارووال کیمپس کی گرینڈ جامع مسجد کا افتتاح

170 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی مسجد میں 1000 طلبہ اور 250 طالبات کی گنجائش

by Ilmiat
وفاقی وزیرِ ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یوای ٹی) لاہور کے نارووال کیمپس میں تعمیر ہونے والی  عظیم الشان جامع مسجد کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یوای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، کیمپس کوآرڈینیٹر، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
گرینڈ جامع مسجد کی تعمیر و تکمیل ایک سو ستر (170) ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے، جس میں بیک وقت ایک ہزار طلبہ اور ڈھائی سو طالبات کے لیے علیحدہ اور باوقار گیلریوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ جامع مسجد اسلامی خطاطی، روحانی جمالیات اور جدید طرزِ تعمیر کا ایک شاندار شاہکار ہے، جو عبادت کے ساتھ ساتھ فکری اور اخلاقی تربیت کا بھی مرکز بنے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مساجد کا قیام نوجوان نسل کی اخلاقی، روحانی اور فکری تربیت کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم کو اسلامی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک باکردار اور ذمہ دار قوم تشکیل دی جا سکے۔
پروفیسر احسن اقبال نے یوای ٹی نارووال کیمپس میں تعلیمی و تعمیری ترقی کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جامع مسجد طلبہ و اساتذہ کے لیے اتحاد، نظم و ضبط اور روحانی سکون کا ذریعہ ثابت ہوگی۔
اس موقع پر وائس چانسلر یوای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یوای ٹی کا وژن معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی اور اخلاقی تربیت ہے، اور گرینڈ جامع مسجد اسی وژن کی عملی مثال ہے۔اس موقع پر کیمپس کوارڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد شہباز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال ڈاکٹر خالد یونس،رجسٹرار محمد آصف اور ڈائریکٹر پی این ڈی پروفیسر ڈاکٹر راشد حمید،فیکلٹی ممبران انتظامی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

You may also like

Leave a Comment