سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محی الدین وانی نے کہا ہے کہ اساتذہ کا تعلیم کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ہے، وزارت اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی نظام میں جدت لانے پر کام کر رہی ہے۔ وہ پیر کو وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی پہلی وفاقی فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملک میں ابتدائی تعلیمی بہتری پر کام کرنے والے شرکا اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے اساتذہ کے ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ ان کا تعلیمی عمل میں نہایت اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کیلئے سٹڈی پروگرام شروع کیا ہے جبکہ اساتذہ کی استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے بھی تربیتی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔
محی الدین وانی نے کہا کہ وفاقی سرکاری سکولوں میں نئی لائبریریاں بنانے کے ساتھ ساتھ کتابوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد کےتمام سکولوں میں لائبریریاں آباد ہوں گی اور طلبا ڈیجیٹل سے ہٹ کر کتابوں کی طرف مائل ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے فریال علی گوہر کو آئی سی ٹی میں ریڈنگ کے کلچر کے فروغ کے لئے ریڈنگ انوائے نامزد کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس پالیسی کا نفاذ اس کی حقیقی روح کے ساتھ کریں گے جس میں تمام شراکت داروں کی شمولیت ہوگی اور جسے ہر علاقے کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔ تقریب میں اہم ڈویلپمنٹ پارٹنرز سمیت یونیورسٹی کے وائس چانسلرز، پارلیمنٹیرینز اور ملک میں تعلیم پر کام کرنے والی تنظیموں نے شرکت کی جبکہ تقریب کی میزبانی معروف مصنف اور سماجی کارکن فریال علی گوہر نے کی۔
تقریب میں سی ای او پاک الائنس فار میتھس اینڈ3 سائنس سلمان نوید خان نے وفاقی فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی 2024 کے آٹھ ستونوں کا جائزہ پیش کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پاکستان فاؤنڈیشنل لرننگ ہب سام ولسن نے کہا کہ پالیسی بنانا آسان ہے لیکن اس کا نفاذ درحقیقت اصل کام ہے۔ ڈائریکٹر اکیڈیمکس وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن رفعت جبین نے آئی سی ٹی میں ’’ریڈنگ آور پروگرام‘‘ کی کامیابی سے متعلق گفتگو کی اور وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی تعلیم کو بہتر بنانے اور سکولوں میں ریڈنگ کے کلچر کے فروغ کی کوششوں کی تعریف کی۔ سینئر اکانومسٹ ورلڈ بینک انگا آفاناسیووا نے3 آئی سی ٹی میں بچوں میں تعلیم کی کم سطح اور اساتذہ کی تعلیمی مواد سے متعلق کم علمی کو اجاگر کیا جو اکثر جانچے جانے پر اپنے ہی طلبا سے کم سکور حاصل کرتے ہیں۔