:وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) کے سکولوں میں نئی تعلیم دوست پالیسی متعارف کرا دی گئی ہے جس کے تحت پرائمری جماعت تک کے بچے یکم اگست سے بغیر بیگ کے سکول آیا کریں گے۔ جمعہ کو وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے حکام نے بتایا کہ اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے لئے یہ ایک اچھی خبر ہے، ان کو بھاری بھرکم سکول بیگ اب اٹھانا نہیں پڑے گا۔
اسلام آباد کے سرکاری پرائمری سکول کے لیے متعارف دوستانہ پالیسی کے تحت طلباء کے سکول کی کتابوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے کلاس رومز میں کیبن فراہم کئے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بھاری سکول بیگز کا وزن کم کرنا اور طلباء کے لیے صحت مند اور خوشگوار سیکھنے کے تجربے کو فروغ دینا ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ والدین اور طلباء دونوں کے لیے ایک خوش آئند اقدام ثابت ہو گا۔ نئی پالیسی یکم اگست سے نافذ العمل ہو گی، تمام سرکاری پرائمری سکولوں میں ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔