وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود کی زیر صدارت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز پر مشتمل اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی بورڈز کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ رانا سکندر حیات اور مزمل محمود کو تعلیمی بورڈز کو درپیش چیلنجز و مسائل، بورڈز کے تحت امتحانی سنٹرز میں کیمروں کی تنصیب اور سنٹرز کی سیکورٹی و نگرانی سے متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکنڈ اینول امتحانات کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ رانا سکندر حیات اور چیئرمین ٹاسک فورس مزمل محمود نے امتحانی سنٹرز کی جیو میپنگ کی ہدایت کرتے ہوئے امتحانات میں شفافیت برقرار رکھنے کیلئے بورڈز سے لائحہ عمل بھی طلب کیا۔ اس موقع پر سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے چیئرمین، کنٹرولرز اور اہم عہدوں پر فائز دیگر افسران کو تبدیل کرنے اور بورڈ کے تمام اہم عہدوں پر تعینات ہونے والے افسران کیلئے باقاعدہ کرائیٹیریا طے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر تعلیم نے بورڈز میں بڑی تبدیلیوں اور اصلاحات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ حکومت کے سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے چیئرمین و کنٹرولر بورڈز بھی تبدیل ہوں گے جبکہ آئندہ تعیناتیاں میرٹ پر اور باقاعدہ ٹیسٹ کے ذریعے ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ عہدوں کے خواہشمندوں کی آئی ٹی سکلز کو بھی ترجیحی طور پر جانچا جائے گا۔ وزیر تعلیم اور مزمل محمود نے تمام بورڈز کو ہدایت کی کہ امتحانی اُمیدواروں کو سٹینڈرڈائز سہولیات دینے میں کسر نہ چھوڑی جائے۔ اجلاس میں امتحانات کے رزلٹ تیار کرنے کے دورانیہ میں کمی پر بھی غور کیا گیا۔ رانا سکندر حیات اور چیئرمین امتحانی ٹاسک فورس نے تمام بورڈز کو آئی ٹی فرینڈلی بنانے، ون ونڈو آپریشن آن لائن کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر تعلیم کا تمام پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں بڑی تبدیلیوں اور اصلاحات کا عندیہ …….سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے کنٹرولرز اور دیگر اہم افسران تبدیل ہوں گے۔ وزیر تعلیم
44