
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات میٹرک امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے متحرک ہیں۔ وزیر تعلیم کا ڈسکہ کے امتحانی سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عملے کی حاضری اور شناخت بھی چیک کی۔ چیکنگ کے دوران سپرنٹنڈنٹ سے امیدوار کی مدد بارے مشتبہ موبائل چیٹ وزیر تعلیم کے ریڈار میں آ گئی۔ جس پر انہوں نے تحقیق کے بعد امتحانی سنٹر گورنمنٹ گریجویٹ کالج ڈسکہ کے سپرنٹنڈنٹ کو فوری معطل کرتے ہوئے انکوائری کے آرڈرز دے دئیے۔ رانا سکندر حیات نے ڈسکہ کے ایک اور امتحانی سنٹر میں پرچہ تاخیر سے شروع کرنے پر سپرنٹنڈنٹ کو وارننگ دی اور آئندہ تمام سنٹرز کو پرچہ بروقت شروع نہ ہونے پر کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔ دوسری جانب وزیر تعلیم کے خصوصی سکواڈز بھی تمام اضلاع میں امتحانی سنٹرز کیلئے نگرانی کیلئے متحرک ہیں اور حساس سنٹرز کی بالخصوص مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کوتاہی پر امتحانی سنٹر کے عملہ کے کسی فرد سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔