وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے سابق وزیر تعلیم میان عمران مسعود نے ملاقات کی۔ دونوں راہنماؤں کے درمیان صوبے کے تعلیمی مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیمی چیلنجز کے احاطہ کیلئے بیشتر امور پر مشاورت کی گئی۔ سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے بوٹی مافیا کے خلاف آپریشن پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو سراہا اور تعلیمی ریفارمز کے حوالے سے بھی ان کے ویژن کی تعریف کی۔ رانا سکندر حیات اور میاں عمران مسعود کے مابین نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں سنگل نیشنل کریکلم اور نصابی کتب کی پرنٹنگ و ترسیل کے عوامل میں تاخیر کے معاملے پر سیر حاصل گفتگو بھی کی گئی اور اس ضمن میں اہم نکات پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اگلے تعلیمی سال سے ماہ جنوری تک کتب کی پرنٹنگ اور فروری تک تقسیم کا مرحلہ مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ رانا سکندر حیات نے میاں عمران مسعود دور کے “پڑھا لکھا پنجاب” اور “بڑھے گا پنجاب” جیسے تعلیمی منصوبوں کی تحسین کی اور تجربات سے استفادہ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ میاں عمران مسعود نے اپنے دور میں ریکارڈ تعلیمی اقدامات کئے۔ ان کے تعلیمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے تعلیمی چیلنجز کا احاطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا کردار ریوائز کرنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ تعلیمی ریفارمز کی تیاری میں بھی تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بوٹی مافیا کے خلاف اقدامات کی ضرورت ایک عرصہ سے محسوس کی جا رہی تھی۔ تعلیمی مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔ انہیں ہرگز من مانی نہیں کرنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جلد ورکنگ مکمل کر لی جائے گی۔ آئندہ سال تعلیمی ایمرجنسی کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے سابق وزیر تعلیم میان عمران مسعود کی ملاقات…….وزیر تعلیم اور عمران مسعود مابین نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حوالے سے کمیٹی بنانے پر اتفاق ……..میاں عمران مسعود کی تعلیمی ریفارمز کے حوالے سے رانا سکندر حیات کے ویژن کی تعریف
62