وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے دنیابھر کی 200 ٹاپ ٹین جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ اور شہداء کے بچوں ، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے خصوصی تعلیمی وظائف کی منظوری دے دی ہے وزیر اعلٰی نے بلوچستان کے ہر ضلع سے میٹرک میں دس نمایاں پوزیشن کے حامل طالب علموں کو بھی اعلٰی تعلیمی اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا ، اس پروگرام کے تحت جدید سائنسی علوم میں پی ایچ ڈی کے خواہشمند بلوچستان کے ہر طالب علم کو اسکالرشپ دی جائے گی پیر کو یہاں وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ میں بلوچستان انڈومنٹ فنڈ کے جائزہ اجلاس میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے صوبے کی تاریخ کے پہلے اعلٰی تعلیمی اسکالرشپ بینظیر بھٹو اسکالر شپ پروگرام کے اجراء کی اصولی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت اعلٰی حکام نے شرکت کی وزیر اعلٰی بلوچستان نے ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت پہلے سے جاری مختلف اسکالرشپ پروگرامز میں شفافیت کا جائزہ لینے کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی اور پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو افرادی قوت حسب ضرورت محدود رکھنے کی ہدایت کی اجلاس کے بعد اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ الحمداللہ بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ تعلیمی کفالت کے تاریخی پروگرام کی منظوری دے دی گئی ہے پی ایچ ڈی کی عمومی اسکالرشپ کے علاوہ محکمہ داخلہ سے رائج الوقت پالیسی کے تحت شہید قرار دئیے گئے شہداء کے بچوں کے نرسری سے اعلٰی تعلیم تک تمام تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام شہداء کے بچوں کو ریاست والد کی طرح دیکھے گی اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا وزیر اعلٰی بلوچستان نے محکمہ داخلہ کو شہید قرار دئیے جانے والے تمام افراد کے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضروری کارروائی جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت بلوچستان میں اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کے لئے نرسری سے ماسٹر تک سالانہ پچاس پچاس اسکالرشپ دینے کا فیصلہ بھی کیاگیا، اجلاس میں بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زکریا خان نورزئی نے بریفنگ دی ،