وزیرِاعظم پاکستان کے خصوصی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام کے تحت 100 زرعی ماہرین پر مشتمل پہلا بیچ چین کے لیے روانہ ہو گیا۔ ان ماہرین کو ایک پروقار الوداعی تقریب کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا گیا۔ یہ ماہرین چین کے صوبہ سیچوان میں واقع ساؤتھ ویسٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اعلیٰ تربیت حاصل کریں گے۔
یہ اقدام پاکستان اور چین کے مابین زرعی شعبے میں اشتراک کو فروغ دینے کی ایک اہم کڑی ہے۔ تربیتی پروگرام کا مقصد پاکستانی زرعی گریجویٹس کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اور پائیدار زرعی طریقوں سے روشناس کرانا ہے۔
یہ بیچ اس وسیع منصوبے کی ابتدا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر 1,000 پاکستانی زرعی گریجویٹس کو چین میں تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ وطن واپس آ کر ملکی زرعی شعبے کی ترقی اور جدت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ترجمان کے مطابق، یہ پروگرام نہ صرف ماہرین کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و تکنیکی اشتراک کو بھی فروغ دے گا، جو مستقبل میں پاکستان کی زرعی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا۔