:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ وہ پیر کو یہاں انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کی فاتح انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے علاوہ ٹیم کے کھلاڑی اور پی سی بی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعظم نے ٹیم کو شاندار جیت پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ایشیاء کپ کی فاتح ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم، انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشیں اور محسن نقوی کی محنت قابل قدر ہیں۔ وزیراعظم نے علی رضا اور سمیر منہاس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور دیگر سٹاف کو شاباش دی ۔
