:وزیراعظم محمد شہباز شریف نےنائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو بشکیک، کرغزستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ کے ہمراہ، وفاقی وزیر برائے کشمیر امور امیر مقام بھی کرغزستان جائیں گے۔دونوں وزراء ( اتوار ) کی علی الصبح خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے۔
:کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ بشکیک میں ا س وقت حالات کنٹرول میں ہیں اور ہماری اولین ترجیح اپنے طلبہ بالخصوص اپنی بیٹیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جونہی ہمیں ان نا خوشگوار واقعات کی اطلاع ملی ہماری اولین کوشش تھی کہ ہمارے جو سٹوڈنٹس اور بالخصوص ہماری جو بچیاں وہاں زیر تعلیم ہیں ان کو ریسکیو کیا جائے،بشکیک میں ہمارے سٹوڈنٹس کی مجموعی تعداد دس ہزار ہے، وہ وہاں ایک جگہ نہیں بلکہ مختلف مقامات پر رہتے ہیں،
کچھ وہاں اپارٹمنٹس میں رہتے ہیں، کچھ ہاسٹلز میں رہتے ہیں اور کچھ شہر سے باہر رہتے ہیں کیونکہ وہاں نسبتا سستی رہائشیں مل جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ جمعہ کو مغرب کے وقت پیش آیا، اس کے بعد رات گیارہ بجے سے ہی پاکستان سفارتخانے کا عملہ، سفیر احسن ضیغم اور ان کی ٹیم، پاک کرغز انٹرپرینیور کونسل اس معاملے میں سرگرم رہے۔ انہوں نے اور بشکیک میں موجود ہماری بزنس کمیونٹی نے ان ہاسٹلز اور ان علاقوں کا دورہ کیا اور طلبہ خاص طور پر بچیوں کو سیکیور کیا،
پاکستانی سفارتخانے نے وہاں کی وزارت داخلہ سے رابطہ کر کے اس ایریا میں فورسز بجھوائیں اور وہاں پولیس تعینات کروائی، صبح تک تمام علاقے سکیورٹی ادارون کے کنٹرول میں آ چکے تھے۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ ہماری بزنس کمیونٹی نے مقامی بزنس مینوں کو اپنے ساتھ ملا کر اور اپنی اور ان کی گاڑیاں استعمال کرکے شہر کے گردو نواح میں قیام پذیر طلبا و طالبات کو بشکیک شہر میں محفوظ مقامات اور ہاسٹلز میں پہنچایا اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سوشل میڈیا پر پہلے دن کی وڈیوز اور تصاویر چل رہی ہیں جبکہ ا س وقت حالات کنٹرول میں ہیں اور کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔