وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی نوجوان اسرار خان کو 2025 کیلئے آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیاہے۔
پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ اسرار خان کو ہیلری ٹرم 2025 کیلئے آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرنے میں پاکستانی عوام کے ساتھ شامل ہیں۔یہ بلوچستان، پاکستان کے ایک طالب علم کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے جبکہ محنت اور استقامت کی روشن مثال ہے۔
آکسفورڈ یونین کے نومنتخب صدر اور پاکستانی طالب علم اسرار خان نے منتخب ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف کے تہنیتی کلمات پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اسرار خان تیسرے پاکستانی اور صوبہ بلوچستان سے پہلے طالب علم ہیں جو اس عہدے پر فائز ہوئے ۔
اسرار خان نے بھی وزیراعظم کو اپنی مدت کے دوران آکسفورڈ یونین کے دورے کی دعوت دی۔پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر اعظم کے پیغام کے جواب میں اسرار خان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آپ کے پرخلوص کلمات کے لیے شکریہ اداکرتا ہوں ۔ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔ مجھے اپنی مدت کے دوران آکسفورڈ یونین میں آپ کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی ہوگی۔
انہو ں نے شہباز شریف کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب شاندار اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم سے پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے آکسفورڈ میں سکالرشپ سکیم کے قیام میں تعاون اور پاکستان میں طلبہ یونینز کی بحالی پر غور کرنے کی درخواست کی ۔ یہ نہ صرف طلباء کو یونیورسٹی کے معاملات میں آواز اٹھانے کے لیے ضروری ہے بلکہ بات چیت، بقائے باہمی اور اختلاف رائے کے احترام پر مبنی جمہوری کلچر کو فروغ دینے کے لیے بھی ضروری ہے۔