:ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے بورڈ آف گورنرز نے وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو ورچوئل یونیورسٹی کا قائم مقام ریکٹر مقرر کر دیا ہے، وہ نئے ریکٹر کی تقرری تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔یہ فیصلہ سابقہ ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد کیا گیا۔
اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن سیکرٹری بورڈ آف گورنرز، رجسٹرار ورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر عظیم خان نے جاری کیا۔ڈاکٹر ناصر محمود کو تعلیم کے شعبے میں 25 سال سے زائد کا تدریسی، تحقیقی اور انتظامی تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے ٹوکیو گاکوگی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور یونیورسٹی آف لیڈز اور میلبورن یونیورسٹی آسٹریلیا سے پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کیا۔
اپنے کیریئر کے دوران، انہوں نے 60 سے زائد تحقیقی منصوبوں اور گرانٹس میں حصہ لیا اور قومی و بین الاقوامی تحقیقی جرائد میں 57 سے زائد مقالے شائع کئے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اپنے کردار کے دوران ڈاکٹر ناصر محمود نے فاصلاتی تعلیم کے فروغ اور تدریسی نتائج کو بہتر بنانے کے لئے جدید تدریسی طریقوں کے نفاذ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بطور ریکٹر ڈاکٹر ناصر محمود ورچوئل یونیورسٹی کو بہترین رہنمائی فراہم کریں گے۔