یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں جدید انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، تمغہ امتیاز، نے یو ای ٹی لاہور میں تین نئے منصوبوں کا افتتاح کر دیا جن میں سی ہال، اقبال ہال، پانی کی فراہمی، سوئی گیس سسٹم کی تبدیلی اور ٹیوب ویل کی تنصیب شامل ہیں۔ جن کی مالی معاونت ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت فراہم کی۔ تاہم سی ہال کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن پر 18.069 ملین روپے جبکہ اقبال ہال کی اپ گریڈیشن پر 20.655 ملین روپے اور پانی کی فراہمی، سوئی گیس سسٹم کی تبدیلی اور ٹیوب ویل کی تنصیب پر 110.897 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یو ای ٹی میں جدید، محفوظ اور حفظانِ صحت کے مطابق انفراسٹرکچر تعلیمی ماحول اور طلبہ کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے تمام ٹھیکیداروں اور مشیروں کی بروقت تکمیل اور معیار کی پاسداری پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔
ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے اس عزم کو دہراتی ہے کہ وہ طلبہ اور فیکلٹی کے لیے جدید ترین سہولیات اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اپ گریڈیشن یو ای ٹی لاہور کے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کے بڑے ویژن کا حصہ ہے۔