وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے پنجاب یونیورسٹی میں ’مرکز ترقی تہذیب ودیانت‘کا افتتاح کردیا۔اس سلسلے میں خصوصی تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں مرکزکے پیٹرن اور پرو وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرخالد محمود، بریگیڈیئر اسجد بلوچ، کرنل ریحان خان،ڈائریکٹر، مرکزِ ترقیِ تہذیب و دیانت ڈاکٹر شبیر احمداور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ معاشرتی اصلاح اور قومی ترقی میں جامعات کا کرداراہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اداروں کے اشتراک سے جامعات معاشرے میں رواداری، برداشت اور صبر و تحمل کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے عسکری اداروں اور اعلیٰ قیادت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے کہا کہ جامعات صرف درس و تدریس کے مراکز نہیں ہیں بلکہ مختلف سماجی، علاقائی اور لسانی پس منظر رکھنے والے افراد کے مابین ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے مراکز بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کا احترام ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔بریگیڈیئر اسجد بلوچ نے قومی اداروں اور جامعات کے مابین تعاون اور اشتراکِ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور تحفظ کے لیے قومی و صوبائی اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا سرمایہ اور مستقبل ہے جبکہ اساتذہ قوم کی فکری و اخلاقی تعمیر میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر شبیر احمد خان نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرکز کے قیام کے اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درس و تدریس کے ساتھ نوجوان نسل کے کردار کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔\

پنجاب یونیورسٹی اورکاروان کرافٹس فاؤنڈیشن کے مابین معاہدہ