Home Uncategorized نیشنل کالج آف آرٹس میں ’’آپ کی حفاظت، ہمارا مشن: پولیس کا معاشرتی تحفظ میں کردار‘‘ کے عنوان سے آگاہی سیشن کا انعقاد 

نیشنل کالج آف آرٹس میں ’’آپ کی حفاظت، ہمارا مشن: پولیس کا معاشرتی تحفظ میں کردار‘‘ کے عنوان سے آگاہی سیشن کا انعقاد 

by Ilmiat

نیشنل کالج آف آرٹس میں ’’آپ کی حفاظت، ہمارا مشن: پولیس کا معاشرتی تحفظ میں کردار‘‘ کے عنوان سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس محمد فیصل کامران نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈی آئی جی محمد فیصل کامران نے وائس چانسلر این سی اے پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں این سی اے کے کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے وائس چانسلر این سی اے کا کہنا تھا کہ این سی اے کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، سمر کیمپ، شارٹ کورسز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد کو آرٹ اینڈ ڈیزائن کے بارے میں آگاہی ہو رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے سراہا اور کہا کہ انہیں این سی اے آکر بہت خوشی ہوئی۔ این سی اے ایک تاریخی ادارہ ہے اور آرٹ کی دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے اپنے لیکچر میں پنجاب پولیس میں جاری عمومی بہتری، اپ گریڈیشن اور جدید اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے طلباء کو پولیس کے مختلف شعبہ جات، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور کمیونٹی پولیسنگ کے نئے رجحانات سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا فروغ ایک محفوظ اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔
اس موقع پر سینئر فیکلٹی ممبر شہناز ملہی اور ڈپٹی رجسٹرار شہزاد تنویر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اس آگاہی سیشن کو طلباء کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرامز نوجوانوں کو ادارہ جاتی ساخت اور عوامی خدمت کے بارے میں بہتر شعور دیتے ہیں۔
لیکچر کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں طلباء نے پولیس سے متعلق مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے اور سیشن کو معلوماتی اور متاثر کن قرار دیا۔

You may also like

Leave a Comment