Home Uncategorized پنجاب یونیورسٹی کے مستحق ملازمین میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی طرف سے رضائیاں،گدے تقسیم  

پنجاب یونیورسٹی کے مستحق ملازمین میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی طرف سے رضائیاں،گدے تقسیم  

by Ilmiat

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ سرد موسم کی شدت سے بے سہارا اور مستحق افراد کوبچانے کیلئے مخیر حضرات کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام الخدمت فا ؤنڈیشن پاکستان کی طرف سے یونیورسٹی ملازمین کو فراہم کردہ رضائیاں،گدے اور تکیے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، صدر پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن چوہدری بشارت محمودسمیت ممبران و ملازمین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے پنجاب یونیورسٹی کے مستحق ملازمین کو الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ تحائف پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب یونیورسٹی ملازمین ایسو سی ایشن کے صدر وممبران یونیورسٹی کی تعمیرو ترقی میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ صدر پنجاب یونیورسٹی ایڈمنسٹریٹیو اینڈ ٹیکنیکل سٹاف ایسو سی ایشن چوہدری بشارت محمودنے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے انتظامیہ کے تعاون سے ہر سطح پر کردار ادا کررہے ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے مستحق ملازمین میں رضائیاں، گدے اور تکیے تقسیم کئے۔

…….2….

وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی سے ملاقات  

وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، گلگت انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سے تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا مرکز باہمی تعاون کی مختلف راہیں تلاش کرنے، فیکلٹی ایکسچینج پروگرامز، گرمیوں میں پنجاب یونیورسٹی کے طلباء کے لیے تعلیمی دوروں اور موسم سرما میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء کے لیے تعلیمی تبادلے کے طریقوں پر مرکوز تھا۔ اس ملاقات کے نتیجہ میں 2024 کے موسم گرما میں پنجاب یونیورسٹی سے منتخب فیکلٹی ممبران کوقراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے دورے کی سہولت فراہم کرنے کا باہمی معاہدہ طے پا گیا۔ اس دورے کا مقصد قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران،ایم فل اورپی ایچ ڈی سکالرز کے لیے ایک جامع ورکشاپ کا انعقاد کرنا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کے درمیان ملاقات سے ترقی پسند تسلسل کی نشاندہی ہوتی ہے۔قبل ازیں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی بک کلب کے طلباء نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا جس میں 30 مرد اور خواتین شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اخلاق اور پنجاب یونیورسٹی کے چیف لائبریرین ڈاکٹر ہارون عثمانی کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔دونوں اداروں نے مستقبل قریب میں ایک ممکنہ مفاہمت نامے کو باقاعدہ بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیااور اس طرح کے تعاون کی سٹریٹجک اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے بات چیت میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی اہمیت کوبھی شامل کیا۔ آئندہ ایم او یو کی تیاری کے لیے پنجاب یونیورسٹی کے سینٹر فار ساؤتھ ایشین اسٹڈیز کے سابق فیکلٹی ممبر ڈاکٹر وحید اخلاق کوقراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی وائس چانسلر نے فوکل پرسن نامزد کیا۔ وائس چانسلرز نے دونوں اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ڈاکٹر شاہ زیب خان کی معاونت کا بھی اعتراف کیا۔قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود اور ڈاکٹر شاہ زیب خان کو اپنی کتاب’Pakistan-China Relations: Reflections of 70 Years of Diplomatic History’پیش کی۔ یہ تعلیمی ادارے مشترکہ کوششوں میں آگے بڑھ رہے ہیں جس کا مقصد مشترکہ نقطہ نظر تعلیمی مواقع کو بڑھانا، علمی تبادلے کو فروغ دینا، اور دونوں یونیورسٹیوں کے تعلیمی منظر نامے میں تعاون کرنا ہے۔

You may also like

Leave a Comment