ملک بھر کی طرح اوکاڑہ یونیورسٹی میں بھی یوم تشکر پر جوش طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پرقار تقریب کا اہتمام ہوا۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا جس میں انتظامی افسران، اساتذہ اور طلباء کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی سیکیورٹی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ قومی ترانہ پڑھا گیا اور ملی نغمے پیش کیے گئے۔
ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرنے پہ پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے یونیورسٹی میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد واجد، ایڈیشنل رجسٹرار جمیل عاصم، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر شعیب سلیم اور ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر محمد اقبال نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعرے لگائے۔ ریلی کے اہتمام پہ ملکی دفاع کےلیے پاک فوج کی قربانیوں اور حالیہ کشیدگی میں پاک فضائیہ کے بے مثال کردار کے حوالے سے تقاریر کی گئیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر قوم کر سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
پروفیسر واجد، صادق امین، جمیل عاصم، نوبہار خان اور دیگر مقررین نے واضع کیا کہ پاکستان کی بقاء اور دفاع کےلیے پاک فوج ناگزیر ہے اور پوری قوم کو اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ معرکے میں پاکہ فضائیہ کی کاروائی کو پوری دنیا نے سراہا ہے اور ہم اقوام عالم میں ایک بہترین فوج بن کر ابھرے ہیں۔
اس موقع پر ملک اور پاک فوج کے حق میں دعا بھی کی گئی اور بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملانے پہ اللہ تعالی کا شکر ادا کیا گیا۔
ان تقاریب کا اہتمام ڈائیریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افئیرز کی جانب سے ہوا۔
