وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی اور والدین کی نعمت سے محروم بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، تمام بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کی بھرپور خدمت کریں گے، معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے دور دراز علاقوں میں دانش سکول قائم کئے جائیں گے، عوام کو علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اسلام آباد، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خصوصی صلاحیتوں کے مالک اور والدین کی نعمت سے محروم بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا
انہوں نے کہا کہ یہ رمضان المبارک کا مہینہ ہے اور اس کی برکتیں سب پر نازل ہو رہی ہیں، آپ معصوم بچے ہیں، تعلیم حاصل کر رہے ہیں، آپ اپنی قابلیت سے ڈاکٹرز، انجینئرز، فوجی افسر بنیں گے اور اپنے ملک کی بھرپور خدمت کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے آپ کی میزبانی کرکے بہت خوشی ہو رہی ہے، اگر مہمان نوازی میں کوئی کمی رہ گئی ہو تو معافی کا خواستگار ہوں، یہ وزیراعظم ہائوس آپ کا ہائوس ہے، آپ تعلیم حاصل کرکے ایک دن یہاں آ کر قوم کی خدمت کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی دانش سکول بنایا جائے گا، اس کے علاوہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں، کشمیر اور گلگت میں بھی دانش سکول قائم کئے جائیں گے، جہاں پر بچوں کو تعلیم کی تمام سہولیات مفت حاصل ہوں گی، خوراک، رہائش، یونیفارم اور کتابیں مفت مہیا کی جائیں گی، خصوصی صلاحیتوں کے مالک تمام بچے مختلف شعبوں میں پاکستان کی بھرپور خدمت کریں گے، آپ کے اساتذہ آپ کو ایسی تعلیم دیں گے جس سے آپ عظیم پاکستانی بنیں گے اور دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوائیں گے۔