*
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں جلد تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے۔ ہم گذشتہ 76 سال کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر گذشتہ حکومت کی طرح دلاسے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفٹر نون سکول پروگرام کے اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آفٹرنون سکول پروگرام کے اساتذہ نے صوبائی وزیر کو تنخواہوں، پروموشن اور آفٹرنون سکولز کو درپیش چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اساتذہ کے مسائل کا احاطہ ضروری ہے۔ انہیں ٹینشن فری ماحول مہیا کریں گے اور مسائل کا ازالہ کرتے ہوئے جائز مطالبے کو پورا کریں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ ملک کے بیشتر اضلاع میں تعلیمی صورتحال الارمنگ ہے اور سنجیدگی کا تقاضہ کرتی ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت تعلیم دوست ہے۔ تعلیمی ایمرجنسی نہ صرف نافذ کریں گے بلکہ اس کے تمام اہداف حاصل کریں گے اور مثالی تعلیمی اصلاحات لاتے ہوئے ملک کو آئی سی یو سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ بڑھائیں گے اور اس بجٹ کے ثمرات ہر بچے تک پہنچائیں گے۔ ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع دیں گے اور سرکاری سکول معیاری سکول بنائیں گے۔ وزیر تعلیم نے اساتذہ سے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے اہداف کا حصول اساتذہ کے تعاون کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ آؤٹ آف سکول بچوں کے چیلنج سے نبٹنے کیلئے اساتذہ کا کردار بنیادی تصور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ایمرجسنی ملک کو آئی سی یو سے نکالے گی۔