:وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لئے مباحثے ضروری ہیں، کتابوں کے ذریعے علم اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف انرجی اینڈ انوائرمینٹل انجینئرنگ کے آڈیٹوریم میں سابق وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اورماہرتعلیم پروفیسرڈاکٹر شاہد صدیقی کی دو کتابوں کی تقریب رونمائی سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی، لمزسے ڈاکٹر طیبہ تمیم، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری،ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز ڈاکٹر فرحان نوید یوسف،چیئرپرسن شعبہ جینڈر سٹڈیز ڈاکٹر راعناملک، سیکریٹری اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن ڈاکٹر محمد اسلام، محققین، تعلیم دان، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے طلباؤطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیاجس تیزی سے بدل رہی ہے اگر اس تبدیلی کو ڈرائیو کرنا ہے تو مطالعے کی عادات کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سال میں زراعت، ابلاغیات، مواصلات، درس و تدریس کے ذرائع بدل جائیں گے، لہذاطلباؤطالبات کو صرف ڈگری نہیں بلکہ سیکھنے کے لئے پڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ 30فیصد اپنے کلاس رومز میں جبکہ 70فیصد کلاس رومز سے باہر سیکھتے ہیں جس کیلئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد صدیقی ملن سار، قابل اور محنتی شخص ہیں جن سے ہمیشہ سیکھنے کو ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنف نے اپنی تصانیف میں تعلیم، سیاست اور جینڈر کے مختلف پہلوؤں پرتفصیلی روشنی ڈالی ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ہمیں ایسے گرایجوئیٹس پیدا کرنے ہیں جو معاشرے کے مسائل اور چیلنجز سے آگاہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتب میرے ذاتی عملی مشاہدات کا نچوڑ ہیں جنہیں محققین، پالیسی ساز، طلبہ اور عام لوگ با آسانی سمجھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کتب انٹر ڈسپلنری ہیں اور ہر باب میں کوئی نہ کوئی مسئلہ اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی اور ان کی ٹیم کا شکریہ اداکیا۔ ڈاکٹر طیبہ تمیم نے کہا کہ مصنف نے کتاب میں تعلیم کی اہمیت جس انداز سے اجاگر کیا ہے وہ قابل تعریف ہے جبکہ ان کتابوں کا ٹائٹل بھی قابل دید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی میں ترقی کیلئے تعلیم کا کردار بہت اہم ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کتاب میں اساتذہ و طلبہ کے درمیان تعلقات پر آسان زبا ن میں بیان کیا ہے جسے پڑھ کر سوچ کے دریچے کھُلتے ہیں۔ ڈاکٹر عبد القیوم چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے رینکنگ میں بہتری، آؤٹ آف سکول بچوں کے حوالے سے کتب بینوں کو اپنے نقطہ نظر سے انتہائی خوبصورتی سے آگاہ کیا ہے۔ ڈاکٹر فرحان نوید یوسف نے بہترین تصانیف پر ڈاکٹر شاہد صدیقی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی تحریرکو علمی دنیا میں خوبصورت اضافہ قرار دیا۔
مسائل کے حل کے لئے مباحثے ضروری ہیں، کتابوں کے ذریعے علم اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
82