مری: کوہسار یونیورسٹی مری کی نئی وائس چانسلر کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر رافیہ ممتاز نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ آئندہ چار سال کے لیے اس عہدے پر خدمات انجام دیں گی۔اس موقع پر ایک پُرتپاک تقریبِ استقبالیہ منعقد کی گئی، جس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان، رجسٹرار محترمہ نسیم اختر، اور فیکلٹی ممبران نے ڈاکٹر رافیہ ممتاز کو خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ڈاکٹر رافیہ ممتاز نے اس موقع پر کہا کہ وہ کوہسار یونیورسٹی میں اکیڈمک ایکسیلنس، تحقیق کے فروغ اور طلبہ مرکوز ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدیدیت، شمولیت، اور مضبوط قیادت کے ذریعے کوہسار یونیورسٹی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ، اور عملے نے ان کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں کوہسار یونیورسٹی ترقی اور کامیابی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگی۔
