وزیر اعلی مریم نواز سے الائیڈ،ٹیک ویلی،گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے ریجنل ہیڈ پال ہچنگس کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے،جس کے مطابق آسٹریلیوی ادارہ الائیڈ کے اشتراک سے ”کروم بکس” کی سمبلنگ پنجاب میں کی جائے گی۔پنجاب کے سرکاری سکولوں کے 50ہزار طلبہ کوگوگل آئی ڈی مفت فراہم کیا جائے گا۔ سرکاری سکولوں کے ایک ہزار ٹیچرز کو فری ڈیجیٹل سرٹیفکیشن کورسز کرائے جائیں گے،15 ہزار یونیورسٹیز طلبہ کے لئے بھی مفت سرٹیفکیشن کورسز پراجیکٹ اور ڈیڑھ کروڑ ڈالر فیس کے لئے گوگل فار ایجوکیشن معاونت کرے گا۔ پنجاب میں ڈیجیٹل سکول آن ویل پراجیکٹ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیاگیا۔
وزیراعلی سے پال ہچنگس کی قیادت میں وفد کی ملاقات میں ڈیجیٹل ایجوکیشن منصوبوں،سمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل ایجوکیشنل ایکو سسٹم میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔آئوٹ آف سکول بچوں کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے گوگل فارایجوکیشن کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے پر اتفاق کیاگیا۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کے طلبہ گوگل آئی ڈی کے ذریعے لاگ ان کر سکیں گے۔یونیورسٹی سٹوڈنٹس کو اینٹی وائرس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر کی سرٹیفکیشن کرائی جائیگی۔ لیول ون اور لیول ٹو سرٹیفکیٹ حاصل کرکے سٹوڈنٹس دنیا بھر میں آسانی سے جاب حاصل کرسکیں گے۔ سکول آن ویل کے دو پائلٹ پراجیکٹ چند ہفتوں میں لانچ کر دیئے جائیں گے۔سکول آن ویلز میں طلبہ اپنے گوگل آئی ڈی کو لاگ ان کرکے سٹڈیز کرسکیں گے۔ کروم بکس کے ذریعے طلبہ کو کوئی ایپلی کیشن ڈان لوڈ نہیں کرنا پڑے گی۔طلبہ کے زیر استعمال کروم بکس کا ڈیٹا بھی مانیٹر کیا جاسکے گا۔وزیراعلی نے کہاکہ نظام تعلیم میں خامیوں اور کمزوریوں کا تعین کرکے بہتری کے لئے کوشاں ہیں۔ایجوکیشن سسٹم ری ویمپ کیے بغیر مثبت تبدیلی ممکن نہیں،سرکاری سکولوں کے بار بار وزٹ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہوں اگر ہمارے طلبہ کو مواقع میسر ہوتو کما ل کر سکتے ہیں۔
مریم نواز نے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سرٹیفکیٹس کے ذریعے نوجوانوں کو مقامی اور عالمی مارکیٹ میں روزگار کے حصول کے قابل بنایا جائے گا۔پنجاب حکومت گوگل فار ایجوکیشن کیساتھ کام کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں مہارت نوجوانوں کو معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرے گی، کروم بکس کی مقامی سطح پر اسمبلنگ میں بھرپور معاونت کریں گے، گوگل فارایجوکیشن کے وفد نے حکومت پنجاب کے پہلی سرکاری آٹیزم سکول پراجیکٹ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔سکولوں میں تحقیق، جدت لانے سمیت بیشتر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔وزیراعلی نے گوگل ٹیم کو پنجاب حکومت کے آئی ٹی انیشیٹیوز سے آگاہ کیا۔گوگل فار ایجوکیشن ریجنل ہیڈپال ہچنگس نے کہا کہ ڈیجیٹل ایجوکیشن تک رسائی آسان بنانے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں، پنجاب میں نظام تعلیم کو جدت کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مریم نواز اور ان کی ٹیم کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز اور ان ٹیم کے ساتھ کام کرکے خوشی محسو س کریں گے۔وفد میں گوگل فار ایجوکیشن کے کرس ہارٹ،حارث سفیان،الائیڈ کارپوریشن کے سی ای او آرون سیتھر جیکسن،آپریشنز لیڈ جنید شہاب،ٹیک ویلی کے سی ای او عمر فاروق،مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن لیڈ نشوا ابرار،آٹ ریچ اینڈ کوآرڈینیشن منیجر مدیحہ منگول شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔