لاہور (خصوصی نمائندہ) سعودی عرب کے 95ویں قومی دن کی شاندار تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے ثقافتی و سفارتی تعلقات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ یہ تقریب سعودی سفارتخانے کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں ممتاز شخصیات کے ساتھ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے بھی شرکت کی۔تقریب میں سعودی ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والی روایتی نمائشیں، ثقافتی پروگرام اور فنونِ لطیفہ کے مظاہرے پیش کیے گئے جنہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون کو مزید نمایاں کیا۔ یہ تقریب ایسے وقت میں منعقد ہوئی جب حال ہی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پایا ہے جس نے دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔گورنر پنجاب، جناب سلیم حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دفاعی و سفارتی معاہدات دونوں ممالک کے لیے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے۔

سعودی عرب کے سفیر جناب نواف بن سعید المالکی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات محض سفارت کاری تک محدود نہیں بلکہ یہ مشترکہ اقدار، ایمان اور ترقی کے یکساں وژن پر استوار ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی تقریب میں نمایاں موجودگی اور ان کا پرتپاک استقبال قابلِ ذکر رہا۔ ان کی نئی ذمہ داری کو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین علمی و ثقافتی تعلقات کے فروغ کا نیا سنگِ میل قرار دیا گیا۔تقریب کا اختتام پاکستان اور سعودی عرب کی خوشحالی، اتحاد اور سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا جس نے ایک بار پھر دونوں ممالک کی تاریخی شراکت داری کو اجاگر کیا۔