فیکلٹی آف کیمپوٹنگ اورڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام قومی ٹیک لانسرسمٹ کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کے علاوہ 60 سے زائد آئی ٹی اداروں، سافٹ ویئر ہاؤسز اور ملک بھر سے آئے ہوئے فری لانسرزنے شرکت کی۔ سمٹ کا افتتاح سینئر ڈین پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی خصوصا فری لانسنگ کے فروغ سے ملکی معیشت کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو سکتی ہے۔ اس میگا ایونٹ کے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں انعقاد سے ہمارے اساتذہ اور طلباء وطالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی خصوصا فری لانسنگ کے میدان میں عالمی مارکیٹ تک رسائی کا موقع ملے گا۔ انہوں نے ٹیک فری لانسرز سمٹ کے کامیاب انعقاد پر ڈین فیکلٹی آف کیمپوٹنگ پروفیسر ڈاکٹر دوست محمدخان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر عبد الرؤف اور فوکل پرسن ڈاکٹر فہیم مشتاق کو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر فہیم مشتاق ایڈوائزر آئی یو بی فری لانسنگ سوسائٹی نے سمٹ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور آئی ٹی کے میدان میں عالمی سطح پر ایک بڑا نام بن چکی ہے۔ یہ جامعہ آئی ٹی کے شعبے میں افرادی قوت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معیاری پراڈکٹس بھی فراہم کر رہی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد فری لانسرز ٹیک لیڈرز اور نجی اورسرکاری شعبہ سے وابستہ ماہرین، اساتذہ، محققین اور طلباء وطالبات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ آئی ٹی ماہرین اور سرمایہ کار ایک جگہ پر اکٹھا ہو کر باہمی ترقی کے منصوبے شروع کر سکیں۔ اس میگا سمٹ سے ملازمت کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی اور تکنیکی مہارت کے نئے باب کھلیں گے۔ آئی ٹی کمیونٹی کا باہمی رابطہ اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ان تمام افراد کی موجودگی یقینا خطے میں اس میدان میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ ڈاکٹر فہیم مشتاق نے اس میگا سمٹ کے انعقاد میں خصوصی رہنمائی اور سرپرستی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی سیشن کے بعد نیٹ ورکنگ اور پینل ڈسکشنز میں ملک بھر سے آئے ہوئے آئی ٹی ماہرین نے طلباء وطالبات کو آئی ٹی سیکٹر میں کیریئر، کاروبار کے بے پناہ مواقعوں سے آگاہ کیا۔ کانفرنس ہال کے ساتھ خصوصی نمائشی ایریا میں نامور آئی ٹی و سافٹ ویئر کمپنیز نے سٹالز لگائے۔
فیکلٹی آف کیمپوٹنگ اورڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام قومی ٹیک لانسرسمٹ کا انعقاد
38