Home Uncategorized                        فلسطینیوں کے قتل عام میں اسرائیل و بھارت کا گٹھجوڑ ہے…….اقوام متحدہ جنگیں رکوانے کے لیے طاقت نہیں رکھتا،امریکا کا جنگ بندی کی قرار داد ویٹو کرنا باعث تشویش ہے…… گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کا ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں خطاب                       

                       فلسطینیوں کے قتل عام میں اسرائیل و بھارت کا گٹھجوڑ ہے…….اقوام متحدہ جنگیں رکوانے کے لیے طاقت نہیں رکھتا،امریکا کا جنگ بندی کی قرار داد ویٹو کرنا باعث تشویش ہے…… گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کا ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں خطاب                       

by Ilmiat

فلسطین میں امن کے موضوع پر یونیورسٹی آف
ہوم اکنامکس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب انجینئر
محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ  اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں 18 ہزار
فلسطینی شہید ہوچکے،  جس میں 7 ہزار بچے بھی شامل ہیں جبکہ 50 ہزار فلسطینی
زخمی ہیں۔  اپنے خطاب میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ  بھارت معاشی فوائد
کے لیے فلسطین جنگ میں اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کر چکا ہے، فلسطین میں گریٹ
ہیومن ٹریجیڈی پر ہمیں باربار آواز اٹھانی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اہل
یورپ بظاہر انسانی حقوق کے علمبردار ہیں، فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کے
راستے روک کر ان کی زندگیوں کو تنگ کر دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا
کہ اسلحہ سے بھرے جہاز میں برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے اسلحہ حوالے کرنے
کا اقدام قابل مذمت ہے، فلسطینی خواتین اور بچوں کو بمباری کا نشانہ بنایا
جارہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ   گلوبل کیمونٹی کی جانب سے اسرائیلی جارحیت
و بربریت کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں، امریکا کی جانب سے جنگ بندی کی
قرار داد کو ویٹو کر دیا گیا ہے اقوام متحدہ براہ راست جنگیں رکوانے کی
طاقت نہیں رکھتا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں اور فلسطینیوں کے
ساتھ کھڑا ہے، پاکستان سے فلسطینیوں کے لیے بھاری امداد فراہم کی جارہی ہے۔
انھوں نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کو مذمت کی اور سیکیورٹی
فورسز کی قربانیوں کو وطن کے دفاع کے لیے عظیم قرار دیا۔  گورنر پنجاب نے
طالبات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے درخشاں مستقبل ہیں اور انھیں یونیورسٹی
آف ہوم اکنامکس جیسے عظیم و تاریخی درس گاہ میں زیر تعلیم ہونے پر فخر
ہونا چاہیے۔  گورنر پنجاب نے یونیورسٹی میں بہتری کے لیے وائس چانسلر کے
اقدامات کی تعریف کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر
فلیحہ زہرا کاظمی نے کہا کہ  فلسطین مقدس جگہ ہے اور دُنیا کے تینوں بڑے
مذاہب کے لیے  اسے مقدس جگہ کی حیثیت حاصل ہے لیکن اس مقدس سرزمین پر صرف
مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان
فلسطینیوں کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں اور بین الاقوامی سطح پر ان کے لیے
موثر طریقے سے آواز بلند کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فلسطین کی
حمایت سے متعلق پالیسی بالکل واضح ہے اور ہم اسرائیل کی جارحیت کی بین
الاقوامی فورم پر بھی مذمت کرتے ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر
صحافی سلمان غنی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے فلسطین کے لیے آواز
اُٹھائی، وہ گول میز کانفرنس چھوڑ کر یروشلم گئے اور وہاں فلسطینیوں کے حق
میں بات کی۔اُن کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کے ساتھ فلسطینیوں کی جدوجہد
آزادی میں ایک نئی روح پیدا  ہوگئی ہے، امریکا انسانی، شخصی اور شہری حقوق
کا دعویدار ہے لیکن امریکی صدر جوزف بائیڈن حماس کو انجام تک پہنچانے کے
بیانات جاری کر رہا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ فلسطین انسانی مسئلہ بن کر
                               اُبھرا ہے، پاکستان اسرائیل کو دھمکی دے تو
شام تک جنگ بندی ہوسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر خود
مختار  ہوگا تو کشمیر آزاد ہوگا۔

You may also like

Leave a Comment