چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ آج پاکستانیوں کو سچ بولنے، سننے اور دیکھنے کی اشدضرورت ہے تبھی ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام پرائم منسٹر ویمن باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ اور آل پاکستان ایچ ای سی انٹرورسٹی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، سینئر صحافی سلمان غنی، ڈی جی سپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید میمن، صدر فپواسا ڈاکٹر امجد عباس مگسی، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور، فیکلٹی ممبران سمیت مختلف جامعات سے طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان میں کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں اور جلدہر میدان میں ہمارے نوجوان ملک کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو مایوسی، نفرت، انتشار اور ناامیدی سے دوررکھنے کیلئے ہر سطح پر مثبت پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بروقت آئی ایم ایف سے ڈیل کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف قائد محمد نواز شریف کی سربراہی میں ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے بہترین کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی او رڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور مبارک باد کے مستحق ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ جامعات میں تعلیم کے ساتھ دیگر سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے طلباء کو صحت و تندرستی کے ساتھ نظم و ضبط سیکھنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں،اس لئے نوجوانوں کو ناامید ہونے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی مہارتوں میں اضافہ کرکے اس قابل بنائیں گے کہ انہیں روزگار کے حصول کے لئے باہر نہ جانا پڑے۔ سلمان غنی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں پاکستان بھر سے ٹیموں کی شمولیت خوش آئند ہے۔ قوم نے کئی بار سیاست دانوں پر اعتبار کرکے دیکھ لیا صرف ایک بار نوجوانوں کو آزما کر دیکھیں تو مطلوبہ نتائج ضرور ملیں گے۔ جاوید میمن نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک بھر کی جامعات میں کرکٹ، فٹبال، باکسنگ، ہاکی سمیت دیگر کھیل کے میدان آباد کرنے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ایسی سرگرمیوں کے مستحق ہیں تاکہ دنیا کا مقابلہ کیا جاسکے۔ ڈاکٹر محمد شبیر سرورنے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے ہمیشہ ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر شبیر سرورنے وومن باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ پنجاب یونیورسٹی کو دینے پر وزیر اعظم، رانا مشہود، ڈاکٹر مختار احمد اور ڈاکٹر ضیا القیوم اور جاوید میمن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سرگودھا، یونیورسٹی آ ف لاہور، سپیرئیر یونیورسٹی، یو نیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورسمیت دس جامعات سے ٹیمیں حصہ لی رہی ہیں۔