:وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ غلام قوموں پر نظر ڈالیں تو آزادی کی قدرو قیمت معلوم ہوتی ہے،ہمیں آزادی کی نعمت سے نوازنے پر اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہونا چاہیے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں یوم آزادی کے موقع پر ایڈمن بلاک کے سامنے منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ایشین روئنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈلزجیتنے والے پنجاب یونیورسٹی کے طلباء عبدالرحمن، گوہر ایوب، زرک خان اور اقراء سمیت اساتذہ،افسران، ملازمین، طلباء و طالبات، فیملیزنے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں وائس چانسلر نے پرچم کشائی کی اورکبوتر آزاد کئے۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں آج بھی اقلیتیں ہندووٗں کے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو آج بھی مذہبی، ثقافتی و معاشی آزادی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال و دیگر رہنماوں کی سوچ اور کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بروقت اس ضرورت کا احساس کیا کہ ہماری قوم کو الگ وطن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی گوادر سے سکردو تک بچوں کو تعلیم دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت،کوشش،ایمانداری اور صلاحیتیوں کو بروئے کار لا کر پاکستانی قوم کو دنیا کی بہترین قوم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء،اساتذہ و ملازمین ملکی ترقی اور اتحاد کے فروغ میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ و ملازمین کلاسز و دفاتر میں ملکی ترقی کے لئے کام کریں۔تقریب میں ایشین روئنگ چیمپئین شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلباؤ طالبہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی (کیمب) میں شجر مہم کے سلسلے میں پودا لگا کرزیتون کے باغ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کیمب ڈاکٹر معاذ الرحمان، ڈائریکٹر سنٹر فار اپلائیڈ مالیکیولر بائیولوجی پروفیسر ریحان صادق، یونیورسٹی آف میری لینڈ، امریکہ سے پروفیسر زبیر احمد،سابق ڈائریکٹرز پروفیسر طیب حسنین اورپروفیسر احمد علی شاہد، سینئر پروفیسرز پروفیسر کوثر ملک،پروفیسر ادریس خان اور ملازمین نے شرکت کی۔ اپنے پیغام میں ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان کے محفوط مستقبل کیلئے سب کوزیادہ سے زیادہ پودے لگانا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ سرسبروشاداب پاکستان سے ہی موسمیاتی تبدیلیوں سے بچا جا سکتا ہے۔
غلام قوموں پر نظر ڈالیں تو آزادی کی قدر معلوم ہوتی ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود
132