علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اسلام آباد چیپٹر کا کانووکیشن 2025 جناح کنونشن سینٹر میں پُروقار انداز میں منعقد ہوا جس میں 800 طلبہ و طالبات کو کامیابی کے ساتھ اپنی تعلیمی منزل تک پہنچنے پر ڈگریاں عطا ء کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو گولڈ، سلور اور برونز میڈلز سے نوازا گیا۔اس یادگار تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی تھے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔تقریب میں سیکرٹری تعلیم /قائم مقام چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ندیم محبوب، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ، سماجی و سیاسی شخصیات نے بھرپور شرکت کی جس سے تقریب کو مزید وقار حاصل ہوا۔وفاقی وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ تعلیم کے میدان سے نکل کر عملی زندگی میں قدم رکھ رہے ہیں

اب وقت آ گیا ہے کہ آپ اپنے علم اور صلاحیتوں سے ملک کی ترقی کے معمار بنیں، منزل دور ضرور ہے ،اگر راستہ درست ہو تو ملتی ضرور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ میں سے ہر ایک پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، آپ ایک ایسی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو رہے ہیں جو ملک بھر میں علم و دانش کا چراغ جلا رہی ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے طلبہ کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جہاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا کوئی طالب علم موجود نہ ہو، ہمیں اپنے فارغ التحصیل طلباء پر ناز ہے جو مختلف اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر ناصر کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دیگر یونیورسٹیوں کے طلبہ سے کسی بھی شعبے میں کم نہیں ہے، ہمارے طلبہ نے قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلہ جات میں درجنوں ایوارڈز حاصل کئے ہیں۔یونیورسٹی کی سماجی خدمات کی بات کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی خواجہ سراؤں، جیل کے قیدیوں اور معذور افراد کو مفت تعلیم فراہم کررہی ہے، اسی طرح بلوچستانگلگت بلتستان اور ضم شدہ قبائلی اضلاع کے بچوں کو میٹرک کی تعلیم مفت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا تعلیمی دائرہ کار اب دنیا بھر تک پھیل چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ سمسٹر میں 37ممالک سے انٹرنیشنل طلبہ داخل ہوچکے ہیں۔