Home عالمی خبریں Arab Islamic Summit………عرب۔اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس کا اعلامیہ، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، قطر سے مکمل یکجہتی کا اعلان

Arab Islamic Summit………عرب۔اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس کا اعلامیہ، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، قطر سے مکمل یکجہتی کا اعلان

by Ilmiat

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عرب لیگ اور تنظیم تعاونِ اسلامی (OIC) کے رکن ممالک کا ہنگامی سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسرائیل کی جانب سے قطر پر حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور عالمی امن کے خلاف سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ اجلاس کی صدارت امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسرائیلی جارحیت کے ذریعے خطے میں جابرابہ نظام مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو براہِ راست عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ سربراہان نے قطر کی خودمختاری، سلامتی اور اس کے عوام کی حفاظت کے لیے مکمل اور غیر مشروط تعاون کا اعلان کیا۔

اجلاس نے 9 ستمبر کو دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی جس میں شہادتیں اور زخمی ہوئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ حملہ ثالثی اور امن سازی کی کوششوں پر بھی حملہ ہے۔

اجلاس میں منظور کیے گئے فیصلوں کے مطابق:

  • اسرائیلی قتلِ عام، محاصرہ اور توسیع پسندانہ پالیسیوں کو جنگی جرائم قرار دیا گیا۔
  • فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا گیا اور فوری طور پر غزہ کی تعمیر نو کا مطالبہ کیا گیا۔
  • اسرائیل پر عالمی پابندیوں، اس کے خلاف قانونی کارروائی اور اقوام متحدہ کی رکنیت پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کیا گیا۔
  • اسرائیل کی دھمکیوں کو اشتعال انگیز اور عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔

مزید برآں اجلاس نے سعودی عرب اور فرانس کی جانب سے دو ریاستی حل کے لیے بلائی جانے والی کانفرنس کا خیر مقدم کیا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے “نیو یارک ڈیکلیریشن” کی توثیق کی۔سربراہی اجلاس نے یروشلم میں اسلامی و مسیحی مقدس مقامات پر ہاشمی سرپرستی کی تجدیدِ حمایت کی اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جرائم پر عالمی عدالتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر امیرِ قطر، حکومت اور عوام کی میزبانی اور حکمت عملی کو سراہتے ہوئے، عرب و اسلامی اتحاد کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

You may also like

Leave a Comment