وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ طالبعلم کی تعلیم و تربیت میں استاد کا کردار بہت اہم ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام’اساتذہ کی اگلی نسل کیلئے اساتذہ کی تعلیم کی تنظیم نو‘ کے موضوع پر گیارہویں بین الاقوامی ’تعلیم پر تحقیق‘ کی اختتامی تقریب سے وحید شہید حال میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی عابد شیروانی، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چوہدری،چیئرمین شعبہ ایڈوانسڈ سٹڈیز ان ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹرمحمد شاہد فاروق،کالم نگار پروفیسر نعیم مسعود، سابق ڈائریکٹرز، محققین، ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تدریسی طریقوں کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے جہاں نت نئی ٹیکنالوجیز اور تھیوری سے ناواقف طلباء ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ و ملازمین کی تربیت کیلئے سنٹر فعال ہے۔ انہوں نے بہترین کانفرنس کے انعقاد پر ادارہ تعلیم و تحقیق کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب سے سیکھنے کا عمل جاری رہتا ہے۔ عابد شیروانی نے کہا کہ بہترین اور جدید تدریسی طریقوں سے ہی معاشرے میں تبدیلی لا ئی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ترقی یافتہ ممالک تعلیم و تحقیق پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں ٹیچر ٹریننگ پروگرام میں تعاون کی پیش کش کی۔ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چوہدری نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تدریس کے جدید طریقوں سے آشنائی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے کانفرنس سود مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محققین نے بہترین مقالے پیش کئے جس سے پالیسی سازوں کومدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی سوشل انٹرنپنیورشپ کی تربیت کیلئے اقدامات ہونے چاہیے۔ ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ اساتذہ کی تعلیم کے حوالے سے مزید تحقیقی کام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا استاد ہی اچھے طالبعلم پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ مہارتوں اور سکلز کا نام ہے جو تربیت سے حاصل ہوتی ہے۔ پروفیسر نعیم مسعود اساتذہ کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم انسانیت کی روح ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے تسلسل کو خوش آئند قرار دیا۔ کانفرنس میں 157پریزینٹر نے تحقیقی مقالے پیش کئے۔
پنجاب یونیورسٹی اور انریچرز انویسٹمنٹ گروپ کے درمیان معاہدہ
:پنجاب یونیورسٹی کیرئیر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر اوراینریچرز انویسٹمنٹ گروپ کے درمیان باہمی اشتراک کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں خصوصی تقریب وائس چانسلر کے دفتر میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹرپنجاب یونیورسٹی کیرئیر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر نوید احمد اور چیئرمین اینرچرز انویسٹمنٹ گروپ سید عبداللہ بخاری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودو دیگر نے شرکت کی۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے طلباء کے تعلیمی تجربات کو تقویت دینے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے۔ دونوں ادارے اکیڈیمیہ اور صنعت کے درمیان دوریاں کم کرنے، طلباء کی عملی تعلیمی قابلیت کو بڑھانے، مالیاتی مارکیٹس اور باہمی فوائد کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ہمیشہ تمام شعبوں میں تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم او یو سے صنعت اور تعلیمی اداروں میں پل کا کردار ادا کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی سے مارکیٹ کی ضروریات پر مبنی پیشہ ور افراد فراہم کر سکے گا۔