وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں،سرکاری تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مختلف منصوبے شرع کئے گئے۔ جمعہ کو وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ایس ایس سی پارٹ ون او ر پارٹ ٹو کے نتائج کے اعلان کےموقع پر بطور مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بطور سیکرٹری تعلیم ذمہ داریاں نبھانے کا موقع ملا ہے ، یہ ہماری کامیابی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں۔
انہوں کہا کہ ہم سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، کامیاب ہونے والے ہونہار طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ سید جنید اخلاق نے وفاقی سیکرٹری تعلیم کو امتحانی نظام کے بارے میں بریف کیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کی ۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی، چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق اور سیکرٹری فیڈرل بورڈ ڈاکٹر بشیر خان نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔