Home اہم خبریں ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا محسن پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی 58ویں برسی کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے عباسیہ کیمپس غلام محمد گھوٹوی ہال میں تقریب کا انعقاد

ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا محسن پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی 58ویں برسی کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے عباسیہ کیمپس غلام محمد گھوٹوی ہال میں تقریب کا انعقاد

by Ilmiat

ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا محسن پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی 58ویں برسی کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے عباسیہ کیمپس غلام محمد گھوٹوی ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایک انسان دوست اور تعلیم دوست شخصیت کو خراج تحسین پیش کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواب صاحب اور ریاست بہاول پور کے بارے میں انہوں نے بہت پڑھا لیکن یہاں آکر عملی طور پر ان کی خدمات کو دیکھا۔  نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم محسن پاکستان ہیں اور عظیم قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں۔نواب صاحب نے تعلیم، صحت، انفرانسٹکچر اور عوام کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔  بہاول پور میں ہر طرف نواب صاحب کا وژن نظر آتا ہے، تاریخی عمارات ہون، زرعی زمینیں ہوں یا چولستان کے تاریخی قلعے ہر جگہ ریاست کے نقوش موجود ہیں۔ 24مئی کو قلعہ ڈراور کے قریب شاہی قبرستان میں خصوصی تقریب منعقد ہو گی اور عباسی خاندان کے افراد کے ساتھ نواب صادق عباسی پنجم کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ سر صادق محمد خان کے احسانات کی شکرگزار ہو اور سوشل میڈیا پر ان کو خراج تحسین پیش کرے۔

قریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹرنوید اختر  کا کہنا تھا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم آج جس بڑی اور پروقار تعلیمی درسگاہ میں موجود ہیں اس کی بنیاد نواب سر صادق محمد خان عباسی نے  رکھی۔قیام پاکستان کے وقت ملکی خزانے میں معاونت ہو یا فوج کی شکل میں نوزائیدہ ملک کی دفاعی مدد، دفاتر کے لیے محلات کے تحائف ہوں یا پھر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی معاونت نواب آف بہاول پور نے اس سرزمین پاکستان کے لیے اپنا سب کچھ خوش دلی سے عطا کیا۔ نہ صرف اپنی ریاست بہاول پور میں بہتر تعلیم، صحت، کھیل اور سیاحت کی سہولیات فراہم کرنا ان کا مقصد تھا بلکہ پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے۔ مدرسہ علوم دینیات سے جامعہ عباسیہ اور پھر جامعہ اسلامیہ، آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور جیسے عظیم الشان ادارے کی شکل ان کے خواب کی تعمیر ہے۔ وہ ایک دوررس بصیرت رکھنے والے حکمران تھے جنہوں نے پاکستان کے لیے نہ صرف اپنی ریاست وقف کی بلکہ قیام پاکستان کے بعد اسے چلانے میں قائداعظم کا ساتھ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو لپور نے نواب سر صادق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی کاوشوں کو آگے بڑھانے کے لیے صادق چیئر قائم کی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مصور حسین بخاری نے نواب سر صادق عباسی پنجم کے دور میں کیے جانے والے تاریخی اقدامات کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے نواب صاحب کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈاکٹر سمیعہ خالدچیئرپرسن شعبہ تاریخ، ڈاکٹر محمد طاہرریٹارئرڈ پروفیسر گورنمنٹ ایس ای کالج بہاول پور اور ڈاکٹر روبینہ یاسمین چیئرپرسن شعبہ مطالعہ پاکستان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، محمد شجیع الرحمن رجسٹرار، ڈاکٹر عدنان بخاری ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز،ڈاکٹر عثمان چیمہ چیف میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر شہزاد احمد خالد ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، فیکلٹی ممبران  اور طلباو طالبات شریک تھے۔

You may also like

Leave a Comment