Home اہم خبریں دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں قرآن خوانی اور محفلِ میلاد کا روح پرور انعقاد

دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں قرآن خوانی اور محفلِ میلاد کا روح پرور انعقاد

by Ilmiat

دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے نئے کیمپس میں برکت، کامیابی اور خوشحالی کے لیے ایک پرنور اور بابرکت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قرآن خوانی اور محفلِ میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم تھیں، جبکہ دیگر مہمانانِ گرامی میں پروفیسر درشہوارسابق پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج دبئی محل، میڈم فوزیہ ایوب قریشی سابق ممبر پنجاب اسمبلی، پروفیسر انیلہ یاسمین پرنسپل گورنمنٹ گریجوایٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن اورڈاکٹر میمونہ نذیر کوآرڈینٹر نیو کیمپس سمیت مختلف شعبہ جات کی اساتذہ شامل تھیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے آقائے دوجہاں ﷺ کی شانِ اقدس میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کرتے ہوئے نعتیہ کلام پڑھا۔ نظامت کے فرائض شعبہ اسلامیات کی ڈاکٹر سعدیہ نورین نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب اس بات کی علامت ہے کہ ہمارا ہر نیا آغاز اللہ تعالیٰ کے نام سے، عقیدت و محبتِ رسول ﷺ کے ساتھ ہوتا ہے۔ نئے کیمپس کا قیام دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کی تاریخ میں ترقی، وسعت اور استحکام کا ایک نیا دروازہ کھولتا ہے۔ یہ کیمپس علم و تحقیق کا درخشاں مرکز اور طالبات کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کا ایک مثالی ادارہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تعلیم وہ ہے جو قرآن و سنت کی روشنی میں کردار و عمل کو سنوارے اور انسان کو خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار کرے۔ ہمارا مقصد محض علم دینا نہیں بلکہ ایسی نسل تیار کرنا ہے جو علم، اخلاق اور قیادت کے اعلیٰ معیار پر پوری اترے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اس بات کی خواہاں ہے کہ نیا کیمپس علم، امن، محبت اور اخلاقی اقدار کا مظہر بنے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فرزانہ اقبال چیئرپرسن شعبہ اسلامیات نے جامعہ، اس کے اساتذہ، طالبات اور نئے کیمپس کے لیے خیر و برکت، ترقی اور استحکام کی خصوصی دعا فرمائی اور طالبات میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔

You may also like

Leave a Comment