Home خبریں دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں فیشن آرٹس اینڈ ڈیزائن تھیسز نمائش، طالبات کے تخلیقی فن پاروں کو بھرپور پذیرائی

دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں فیشن آرٹس اینڈ ڈیزائن تھیسز نمائش، طالبات کے تخلیقی فن پاروں کو بھرپور پذیرائی

by Ilmiat

دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ فیشن آرٹس اینڈ ڈیزائن میں تھیسز نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات کے تیار کردہ تخلیقی اور فنی شاہکاروں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ خصوصی تقریب میں اروڑ یونیورسٹی سکھر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے مہمانِ خصوصی کے ہمراہ فن پاروں کا معائنہ کیا۔

طالبات نے زندگی مختلف چہروں، اندازِکوفی رسم الخط،مختلف ثقافتی پہچان سمیت دیگر مختلف موضوعات پررنگوں سے مزین ٹیکسٹائل ڈیزائنگ پراجیکٹس پیش کئے۔اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کی طالبات کا کام نہایت پختہ، منفرد اور جدید تخلیقی آئیڈیاز پر مشتمل ہے۔ ان کے فن میں ایک نیا وژن اور نکھار نظر آتا ہے۔انہوں نے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلبات کو اروڑ یونیورسٹی کے وزٹ کی دعوت دیتے ہوئے باہمی تعلیمی تعاون کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ تقریب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی کوشش ہے کہ طالبات کے فن کو صرف تعلیمی دائرے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے قومی و بین الاقوامی سطح پر روشناس کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے طالبات کے فن پاروں کی آن لائن فروخت کا آغاز کریں گے، تاکہ ان کے ہنر کو باقاعدہ مارکیٹ تک رسائی حاصل ہو اور وہ خود کفالت کی جانب گامزن ہو سکیں۔ وائس چانسلرکا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی کیمپس میں ایک سووینئیر شاپ قائم کی جائے گی، جہاں فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کے تیار کردہ اعلیٰ معیار کے فن پارے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں میں ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، فیشن اسکیچز، ہینڈ میڈ آرٹ، مینی ایچر، اور پینٹنگز شامل تھیں، جنہوں نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی اور فنونِ لطیفہ کے میدان میں طالبات کی تخلیقی بصیرت کو اجاگر کیا۔ تھیسز ڈسپلے میں پروفیسر ڈاکٹر مسرت ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز، ڈاکٹر صائمہ انجم رجسٹرار اور مس ناجیہ سرور انچارج شعبہ فیشن آرٹس اینڈ ڈیزائن سمیت فیکلٹی و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

You may also like

Leave a Comment