
دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور میں ایس ایس ڈی او کے اشتراک سے امن اور پائیدار ترقی کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، سیمینار کے مہمان خصوصی ڈی پی او بہاول پور سید محمد عباس نے پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف وائس چانسلر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کے ہمراہ شریک ہوئے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر بہاول پور سمیرا ربانی اور ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس مہمانان اعزاز تھے۔ وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور موجودہ دور میں افواہوں کو بغیر تصدیق کے پھیلانے بارے قرآنی آیات کے ترجمعہ کے ذریعے حاضرین کو آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ سچائی اور امن اسلام کا آفاقی پیغام ہے جو معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے۔ ڈی پی او بہاول پور سید محمد عباس نے معاشرے میں خواتین کی اہمیت بارے روشنی ڈالی اور بتایا کہ خاتون بحیثیت ماں ایک ابتدائی تربیتی درسگاہ کہلاتی ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں ہے ، اس موقع پر ڈی پی او نے ویمن یونیورسٹی کی طالبات اور اساتذہ کے لیئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی کے لیئے بھی اعلان کیا اور ساتھ ہی طالبات کی دلچسپی اور معلومات میں اضافے کے لیئے ڈی پی او آفس میں طالبات کے انٹرن شپ کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سمیرا ربانی کا کہنا تھا کہ مرد و عورت معاشرے میں گاڑی کے دو پہیوں کی مانند ساتھ ساتھ چلتے ہیں ، طالبات کو پیغام دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ طالبات کو اپنا گول سیٹ کرنا چاہیئے اور پھر اس ٹارگٹ کے حصول کے لیئے خوب محنت کریں تاکہ خواتین معاشرے میں اپنا مثبت رول ادا کرتی رہیں ۔ کانفرنس کے ابتدا میں ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کانفرنس کے موضوع کے حوالے سے طالبات کو بریفنگ دی اور انٹریکشن سیشن میں طالبات کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے ، انکا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے میں امن کے بغیر پائیدار معاشرے کی تکمیل نہیں کی جاسکتی ، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں پائیدار ترقی کے چار اہم ترین ستون ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر ہم سب مل کر ایک پائیدار معاشرے کی داغ بیل ڈال سکتے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ انسانوں کی ترقی معاشرے کی ترقی ہوتی اور معاشرہ اردگرد کے ماحول کو بہتر بنانے اور سرسبز بنانے کے ساتھ ساتھ انسانوں کی معاشی ترقی اور سوشل ترقی کے باعث تشکیل پاتا ہے ، کانفرنس میں اساتذہ، طالبات اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ کانفرنس کے آخر میں مہمان خصوصی اور مہمانان اعزاز کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ دریں اثنا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے مہمان خصوصی سید محمد عباس ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور سید کوثر عباس کے ہمراہ ویمن سیفٹی وال کا بھی افتتاح کیا۔