وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ عربی قدیم زبان اور تہذیب سے تعلق رکھتی ہے جسے سیکھ کر نہ صرف دنیا بلکہ آخرت کے معاملات کو بھی سمجھا جا سکتا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ عربی کے زیراہتمام’عرب اور پاکستانی معاشروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں عربی زبان کا کردار‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد دیاب غزاوی، پروفیسر ڈاکٹر خورشید الحسن رضوی،ڈین فیکلٹی آف اورینٹل لرننگ پروفیسر ڈاکٹر معین نظامی، حافظ میاں محمد نعمان، چیئرمین شعبہ عربی پروفیسر ڈاکٹر حامد اشرف ہمدانی،پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقیت جاوید بھٹی، پاکستان، مصر، الجزائر، نائیجیریا سے مندوبین،محققین، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے عربی زبان وادب کی بہت اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یوم عربی زبان وادب‘ کیلئے پنجاب یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد باعث عزت ہے۔ انہوں نے پاکستان میں عربی زبان کی ترویج کیلئے شعبہ عربی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک سے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایسی تقاریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں جن دو مضامین میں سب سے زیادہ پی ایچ ڈیز پید ا ہوئے ہیں ان میں ایک عربی کا مضمون بھی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر حامد اشرف ہمدانی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس سے نوجوان سکالرز کو محققین کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ڈاکٹر معین نظامی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج پاکستان میں زبانوں وادب کی ترویج کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہاہے۔کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر محمد دیاب غزاوی، پروفیسر ڈاکٹر خورشید الحسن رضوی سمیت دیگر مندوبین نے عربی میں اظہار خیال کیا۔
دنیا و آخرت کے معاملات کی بہتری کیلئے عربی زبان و ادب اہم ہے، ڈاکٹر خالد محمود
40