Home خبریں دعوہ اکیڈمی ،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ماحولیاتی تحفظ اور علماء کرام کے کردار پر سیمینار کا انعقاد

دعوہ اکیڈمی ،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ماحولیاتی تحفظ اور علماء کرام کے کردار پر سیمینار کا انعقاد

by Ilmiat

عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI) کی دعوت اکیڈمی کے زیر اہتمام ایک سیمینار بعنوان “ماحولیاتی تحفظ اور علماء کرام کی ذمہ داری” منعقد ہوا۔اس تقریب کی صدارت دعوت اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے کی، جبکہ کلیدی خطاب معروف ماہرِ تعلیم اور ماحولیاتی امور کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان خان نے کیا۔

سیمینار میں راولپنڈی، اسلام آباد اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء، خطباء اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر عرفان خان نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اسلامی تعلیمات کا مرکزی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ مسئلہ آج کے دور میں مغربی بیانیے سے منسلک نظر آتا ہے، لیکن اسلام نے صدیوں پہلے اس بارے میں واضح اور جامع رہنمائی فراہم کی ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیت “بارکنا حوله” (ہم نے اس کے گرد و نواح کو بابرکت بنایا) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی ماحول صرف وسائل کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مقدس نعمت ہے جس کی حفاظت لازم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف آلودگی سے بچاؤ تک محدود نہیں بلکہ یہ انسان، جانور، اور پودوں کی بقا اور توازن سے جڑا ہوا ہے۔ ہوا، پانی، مٹی، جنگلات اور قدرتی وسائل کے محتاط استعمال کو نہ صرف زندگی کی ضرورت بلکہ شریعت کا تقاضا بھی قرار دیا۔

ڈاکٹر عرفان نے مزید کہا کہ اسلام کا تصورِ احسان صرف انسانوں تک محدود نہیں بلکہ یہ تمام مخلوق اور قدرتی عناصر پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ماحول سے متعلق ہماری غفلت نہ صرف دنیاوی نقصانات کا باعث بنتی ہے بلکہ دینی فرائض میں کوتاہی بھی سمجھی جاتی ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو زندگی کے ہر پہلو، بشمول ماحولیاتی اخلاقیات، میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ سے متعدد مثالیں پیش کیں جن میں ماحولیاتی توازن، صفائی، درختوں کی حفاظت اور پانی کے محتاط استعمال کی تعلیم دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تباہی کے اثرات صرف انسانوں پر ہی نہیں بلکہ پوری فطرت پر مرتب ہو رہے ہیں، اور محض سائنسی حل کافی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اخلاقی، روحانی اور مذہبی شعور پیدا کیا جائے، جس میں علماء، خطباء اور ماہرین تعلیم کا کلیدی کردار ہے۔

سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا دلچسپ سیشن منعقد ہوا جس میں شرکاء نے ماحولیاتی مسائل اور اسلامی تعلیمات سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ ڈاکٹر عرفان خان نے تمام سوالات کے مفصل اور تسلی بخش جوابات دیے۔پروگرام کے اختتام پر ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد احمد زبیری نے تمام شرکاء اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔

You may also like

Leave a Comment