رحیم یار خان خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضی کی قیادت میں ریلی نکالی جا رہی ہے
خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان میں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ بھر پور انداز سے منایا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر عامر اعظم خان کی ہدایت پر جامعہ بھر میں کشمیریوں کے حق خودارادیت اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف خصوصی سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔اس حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ غاصب ریاست کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے باسیوں پر جو انسانیت سوز مظالم ڈھائے گئے دنیا میں ان کی مثال ملنا مشکل ہے۔ 27اکتوبر 1947کا دن تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی فوج غیر قانونی طور پر کشمیر میں اُتری اور وادی کو فوجی چھاونی میں بدل دیا۔ انہوں نے کہا اس دن سے شروع ہوئی جدوجہد آزادی آج بھی ملی جوش و جذبہ سے جاری ہے اور اب کشمیریوں کی چوتھی نسل اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کی مذموم کوشش کی، آبادی کا تناسب تبدیل کرکے خطہ کو مختلف حصوں میں تقسیم کرنے جیسی حرکتوں سے تحریک آزادی کو مٹانے کی ناکام اور مذموم کوشش کی۔ وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کشمیر کو اپنی شہہ رگ سمجھتے ہیں۔ کشمیری اور پاکستانی یک جان دو قالب کی طرح ہیں۔ وطن عزیز پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر بھرپور طریقے سے اٹھایا اور کشمیریوں کا مقدمہ تمام سفارتی محاذوں پر لڑا۔ وہ دن دور نہیں کہ جب کشمیر کی سر زمین پر بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔