Home Uncategorized خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا قومی ترقی کیلئے نا گزیر ہے،وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی افراد کے عالمی دن پر پیغام

خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا قومی ترقی کیلئے نا گزیر ہے،وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی افراد کے عالمی دن پر پیغام

by Ilmiat

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام شہریوں بالخصوص کمزور اور خصوصی استعداد کے حامل طبقات کے بنیادی شہری حقوق کے تحفظ اور انہیں مساوی سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کئےجارہے ہیں۔

منگل کووزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خصوصی افراد کا عالمی دن اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا قومی ترقی کے لئے نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یہ عالمی دن “خصوصی افراد کی معاشرے میں شمولیت اور سماجی ترقی” کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مساوی شمولیت کی ضمانت دیتا ہے، خصوصی افراد ہمارے معاشرے کی سماجی، معاشرتی اور ثقافتی اساس کا کلیدی حصہ ہیں، کسی بھی طرح کی جسمانی کمی انسانی ذہنی صلاحیتوں اور حقوق کی نفی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو خصوصی افراد کے حقوق کی اہمیت کا مکمل ادراک ہے اور حکومت ان کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے، اس ضمن میں تمام ضروری اور موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ خصوصی افراد کے لیے ہمدردانہ، دوستانہ اور معاون معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ قانونی پس منظر میں وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی افراد کے حقوق کے ایکٹ ایسے افراد کو ہر طرح کا ضروری قانونی تحفظ فراہم کرتے ہیں ،مزید یہ ایکٹ خصوصی افراد کے اندراج اور ان کی معاونت ،امداد اور دیگر موثر خدمات سر انجام دینے کے لئے بھی بنیاد فراہم کرتے ہیں، خصوصی افراد کے حقوق کی کونسل، سی آر پی ڈی بھی حقوق کی نگرانی اور حکومتی پالیسی اقدامات کو مضبوط کرنے میں بہت فعال طریقے سے کام کر رہی ہے، اس کے علاوہ دیگر اقدامات میں ہر 15 دن بعد طبی معائنہ، خصوصی افراد کے لیے معذوری کا سرٹیفیکیٹ، ان کے لئے سہولتی آلات، ہنر مندی میں اضافہ کے انتظامات، استعداد کار بڑھانے کی تربیت، ملازمتوں میں مخصوص کوٹہ، کام کی جگہ پر باآسانی رسائی کے لئے اقدامات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی معاشرے میں ہر سطح اور ہر شعبے میں شمولیت کو یقینی بنانا چاہتی ہیں، حکومت نے پالیسی اور وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے خصوصی کاوشیں کی ہیں تاکہ خصوصی افراد کو تعلیم، صحت، روزگار اور سماجی زندگی میں ہر طرح کی شمولیت یقینی ہو تاہم اس طبقے کی بھرپور نمائندگی اور مسائل کو حل کرنے کے لئے ابھی مزید موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اب تک اٹھائے گئے اقدامات میں خصوصی افراد کے حقوق کی کونسل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور وفاقی وزارت برائے انسانی حقوق بھی خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور مضبوطی کے لیے بڑی تندہی سے کام کر رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خصوصی افراد کی بھرپور شمولیت ہی معاشرتی نظام کی افادیت اور موثر کارکردگی کا امتحان ہے اور یہ ہمیں نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی یاد دہانی بھی کراتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں بالخصوص کمزور اور خصوصی استعداد کے حامل طبقات کے بنیادی شہری حقوق کا تخفظ اور مساوی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ آج اس دن کے موقع پر عوام، صوبائی حکومتوں، متعلقہ نجی اداروں، سول سوسائٹی، اساتذہ اور معاشرے کے تمام سرکردہ افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ آئیے مل کر ایسے پاکستان کی طرف پیش قدمی کریں جس میں خصوصی افراد اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک دوستانہ ہمدردانہ ماحول میں معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی امتیازی سلوک سے پاک اور سماجی عدم مساوات سے قطع نظر تمام شہریوں کی صحت اور عزت و وقار کے تحفظ کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہونا چاہیے، آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے پہلے سے زیادہ باہمی تعاون سے موثر اقدامات کریں گے تاکہ ہم اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پورا اتر سکیں۔

You may also like

Leave a Comment