غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد کی زیر صدارت اور نظامت امور طلباء و شعبہ اسلامیات کے زیرِ اہتمام “جشن ولادت باسعادت مبارک” کے حوالے سے ایک پروقار محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور نمائندہ طلباء و طالبات شریک ہوئَے، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر ، پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری، ڈاکٹر محمد آصف، ڈاکٹر ارم عزیز، ڈاکٹر راشدہ قاضی، ڈاکٹر محمد ابراہیم، ڈاکٹر محمد سہیل اختر سکھانی، ڈاکٹر وسیم عباس، ڈاکٹر ضیاء اللہ ضیاء، ڈاکٹر سلمان حیدر، ڈاکٹر ریحانہ بی بی، ڈاکٹر محمد علی تارڑ، اورڈاکٹر عمران لودھی و دیگر موجود تھے، نظامت کے فرائض شعبہ اسلامیات سے ڈاکٹر اشفاق احمد نے ادا کیئے، یہ بابرکت محفل نہ صرف طلبہ و طالبات کے لیے ایمان افروز ثابت ہوئی بلکہ اس نے سب شرکاء کو سیرتِ رسول ﷺ کے عملی تقاضوں کی طرف متوجہ کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت محمد اسید نے حاصل کی۔ قرآنِ حکیم کی روح پرور تلاوت نے محفل میں ایک خاص نورانیت اور سکون پیدا کیا۔ اس کے بعد ہاجرہ بی بی نے آقائے دو جہاں ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعتیہ کلام پیش کیا۔ اس کے بعد عشرہ رحمت للعالمین میں سابقہ مقابلہ جات میں جن بچوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، ان بچوں نے اس پروگرام میں دوبارہ اپنی کارکردگی پیش کی، عزیر خالد نے اپنی روح پرور آواز میں اذان پیش کی۔حسنین ریاض نے ہدیہ نعت رسول مقبول ﷺ پیش کیا۔ حافظ حمزہ ابراہیم نے موئثر انداز میں انگریزی زبان میں سیرت النبی ﷺ بیان کی۔ مہمان سپیکر مولانا فہد عزیز نے اپنی تقریر میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے امن، محبت اور اخوت کا درس دیا۔ آپ ﷺ کی زندگی عدل و انصاف اور رحم دلی سے بھرپور تھی۔ یتیموں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کے لیے آپ ﷺ کی شفقت بے مثال تھی۔ دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز آپ ﷺ کی سیرت سے ملتا ہے اور اس پر عمل پیرا ہو کر ہی کامیابی ممکن ہے۔
اس کے بعد سابقہ مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو سند اعزاز سے نوازا گیا۔ پروگرام کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے اپنے خیالات کا اظہا رکرتے ہوئے خصوصاً اس پہلو کی طرف توجہ مرکوز کی کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات آج کے دور میں ہماری انفرادی و اجتماعی زندگی کے لیے کس قدر بہترین راہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی صادق و امین شخصیت، عدل و انصاف اور معاشرتی مساوات کے عملی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو یہ پیغام دیا کہ وہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت سے سبق حاصل کریں، علم حاصل کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، سچائی، محنت اور ایمانداری کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں، دوسروں کے ساتھ حسنِ اخلاق سے پیش آئیں اور خدمتِ انسانیت کو اپنا مقصدِ حیات بنائیں، کیونکہ یہی کامیابی اور عزت کا اصل راستہ ہے۔ انہوں نے سیرتِ رسول ﷺ کی روشنی میں طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی عملی زندگی میں سچائی، محنت، اخلاقیات اور خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنائیں تاکہ ایک مثالی معاشرہ تشکیل پاسکے۔
اس بابرکت محفل کے اختتام پرڈاکٹر محمد ابراہیم نے جامع دعا مانگی ، جس میں امتِ مسلمہ کی سربلندی، ملک و قوم کی ترقی، اور تعلیمی ادارے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔یہ محفلِ میلاد طلبہ و طالبات کے لیے ایک روحانی تربیت گاہ ثابت ہوئی۔ نہ صرف ان کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کی شمع مزید روشن ہوئی بلکہ انہیں یہ پیغام بھی ملا کہ حقیقی کامیابی سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنانے میں ہے۔ اس تقریب نے تعلیمی ماحول کو مثبت، پرامن اور بابرکت بنانے میں اہم کردار ادا کیا
