46
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ علم وہی مفید ہے جو ظلم کے خلاف آواز بنے، معاشرے میں حق، عدل، امن اور شعور کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام آج کے تعلیمی نظام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ کربلا صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک زندہ اور ابدی پیغام ہے جسے ہم اپنے نصاب اور ماحول کا مستقل حصہ بنا کر ایک باکردار، باعلم اور پرامن معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت حضرت امام حسینؓ کے پیغامِ حق، عدل، قربانی اور استقامت کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں میں ایسی فکری اور اخلاقی بنیادیں استوار کرے گی جو نئی نسل کو ظلم کے خلاف ڈٹنے، سچ کا ساتھ دینے، اور معاشرے میں عدل و امن کے قیام کے لیے تیار کرے۔