جی سی یونیورسٹی لاہور میں چین کی مزاحمتی جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تصویری نمائش اور فلم اسکریننگ
لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے زیر اہتمام چین کی جاپانی جارحیت کے خلاف عوامی مزاحمتی جنگ میں کامیابی اور تائیوان کی بحالی کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تصویری نمائش اور فلم اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چین کے ڈپٹی قونصل جنرل لاہور، جناب کاؤ کہ (Cao Ke) تھے، جبکہ جامعہ کے سینئر اساتذہ میں پروفیسر ڈاکٹر بابر عزیز، ڈاکٹر احمد رضا خان اور ڈاکٹر فوزیہ غنی بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر چین کے قونصلیٹ جنرل لاہور کی جانب سے جی سی یو کے طلبہ کو بیس لاکھ روپے مالیت کی میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر چائنیز قونصل جنرل اسکالرشپس سے نوازا گیا۔ڈپٹی قونصل جنرل کاؤ کہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی علاقائی امن و ترقی کا مضبوط ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز دونوں ممالک کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہا ہے، اور چین پاکستان کے طلبہ کی تعلیمی معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ چین اپنی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں پر کاربند ہے — چین اپنے اتحادیوں پر اپنی مرضی نہیں تھوپتا بلکہ امن، تعاون، اور باہمی ترقی پر یقین رکھتا ہے۔