نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے زیر اہتمام ہائیر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے ایک عظیم الشان قومی سیرت کانفرنس ،متعدد تقریبات اور طالبات کے مابین مقابلہ جات کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
قومی سیرت کانفرنس پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد طالبات اور معاشرے کو تعلیماتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روشناس کرانا اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق رہنمائی فراہم کرنا تھا۔جس میں معروف محققین اور دانشوروں نے اپنے علمی و فکری مقالات پیش کیے۔
پروفیسر ڈاکٹر غلام معین الدین نظامی (تمغۂ امتیاز) کانفر نس کے مہمان خصوصی تھے۔انھوں نےنبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صفتِ رحمت اور عصری تقاضے کے موضوع پر اپنےخطاب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صفتِ رحمت کو عصرِ حاضر کے تناظر میں بیان کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات آج کے سماجی، معاشرتی اور عالمی مسائل کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔؎

ڈاکٹر شعیب احمد نےاقبال کا نذرانہ عقیدت حضور سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان پر اپنے مقالے میں اقبال کے کلام میں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ جات کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال کی شاعری دراصل امت مسلمہ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوۂ حسنہ کی طرف متوجہ کرنے کا ایک پیغام ہے۔
ڈاکٹر فاطمہ فیاض نےمثنوی مولانا روم میں مباحثِ سیرت کے حوالے سےاپنے خطاب میں انہوں نے وضاحت کی کہ مولانا روم نے سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی مثنوی میں حکمت، روحانیت اور اصلاحِ نفس کا سرچشمہ قرار دیا۔
ڈاکٹر عظمی عزیز خان نےمولانا جامی اور عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پراپنے خطاب میں کہا کہ مولانا جامی کی شاعری عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار ہے اور وہ سیرتِ نبوی کو محبت و عقیدت کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔
ڈپٹی ڈائر یکڑ پبلک ریلیشنز رضوان حمید کے مطابق قومی سیرت کانفرنس کے بعد ربیع الاول کے ایام میں حسب ذیل تقریبات منعقد کی جائیں گی
پینل ڈسکشن بعنوان: سوشل میڈیا کا تعلیم و تربیت میں کردار اور دینی و اخلاقی ذمہ داریاں، تعلیماتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں ،طالبات کے درمیان مختلف مقابلہ جات،مقابلہ کیلیگرافی (اسماء النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)،مقابلہ تصویری نمائش،سیرت کوئز مقابلہ،مقابلہ حسنِ نعت اورخواتین کے خصوصی میلاد کا انعقادشامل ہیں۔یہ تمام تقریبات نہ صرف طالبات کے علمی و فکری افق کو وسعت دیں گی بلکہ سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطالعے اور عملی زندگی میں اسوۂ حسنہ کو اپنانے کے شعور کو بھی اجاگر کریں گی۔
