امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں آئی ٹی کے مفت کورسز کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے تحت کراچی، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں کامیاب پروگراموں کے بعد اب راولپنڈی میں بھی بھرپور تیاریاں جاری ہیں جبکہ نوجوانوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی تیزی سے ہو رہا ہے۔ سید عارف شیرازی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو آئی ٹی کورسز فراہم کرنے والے ادارے ایکس ٹیکرا (xtechra) کی جانب سے منعقد کی گئی۔ تقریب کا باقاعدہ افتتاح فیتہ کاٹ کر کیا گیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما سید عزیر حامد، ملک محمد اعظم، رضا محمد چودھری، سید ارشد فاروق، ملک عمران، آئی ٹی ماہرین اور طلبہ بھی شریک تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ دور آئی ٹی اور سوشل میڈیا کا ہے جہاں نوجوان پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی بجائے زیادہ تر سوشل میڈیا میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام “بنو قابل” پروگرام میں شامل ہو کر جدید آئی ٹی کورسز سے استفادہ کریں تاکہ مستقبل میں وہ معاشی اور مالی میدان میں مضبوط بنیاد حاصل کر سکیں۔