جامعہ پشاور کے شعبہ صحافت و ابلاغِ عامہ (JMC) کی چیئرپرسن ڈاکٹر مہناز گل نے وزٹنگ گرانٹ 2025 کے تحت انڈونیشیا کی معروف درسگاہ Universitas Islam Negeri (UIN) Syarif Hidayatullah Jakarta میں بطور سینئر ریسرچ فیلو جامعہ پشاور کی نمائندگی کی۔یہ گرانٹ بین الاقوامی ریسرچ فیلوز کو مشترکہ تحقیقی منصوبوں، علمی مہارتوں کے فروغ، مشترکہ تحقیقی اشاعتوں، اور سیمینارز، ورکشاپس و کیپیسٹی بلڈنگ سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔

اپنی فیلوشپ کے دوران ڈاکٹر مہناز گل نے میڈیا ریسرچ، ابلاغیات اور پاکستان میں میڈیا پالیسیز کے موضوعات پر لیکچرز اور سیمینارز منعقد کیے، UIN کے پی ایچ ڈی طلبہ کے ساتھ ریسرچ کلینکس کا انعقاد کیا اور فیکلٹی آف کمیونیکیشن کے نوجوان اساتذہ کی رہنمائی کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور علمی اشاعتوں پر بھی تعاون کیا، جس سے دونوں جامعات کے مابین علمی روابط مزید مضبوط ہوئے۔ان کے دورے کی ایک اہم جھلک فیکلٹی آف کمیونیکیشن کے ڈین ڈاکٹر گن گن ہریانتو سے ملاقات تھی، جس میں طلبہ کے تبادلہ پروگرامز اور مشترکہ تحقیقی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات مستقبل میں طویل المدتی تعلیمی تعاون کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔
ڈاکٹر مہناز گل کی علمی خدمات اور رہنمائی کو UIN جکارتہ کی جانب سے بھرپور سراہا گیا اور انہیں تعریفی اسناد اور اعزازات سے نوازا گیا۔