پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف علوم اسلامیہ، ادارہ علوم اسلامیہ، سیرت چیئر اور ایس او ایس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تعلیم و تربیت کا نبویﷺ اسوہ اور مُعاصر جدید ادارے‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف علومِ اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھو ی، فورم فار انٹرنیشنل ریلیشنز ڈیویلپمنٹ برطانیہ کے بانی چیئرمین طہٰ قریشی، پروفیسر سیرت چیئر ڈاکٹر عاصم نعیم، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر شائستہ سہیل، پروفیسر ڈاکٹر حامد اشرف ہمدانی، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمود حماد لکھوی نے موضوع کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور مسلمان آپﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عاصم نعیم نے کہا کہ جدیدیت، عالمگیریت اور عالمی تبدیلیوں کے باعث اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے والے ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی مقاصد ونظریات کی تشکیل سے لے کر نصابات و طریقہ ہائے تعلیم و تدریس کو متعدد نئے اور سنگین قسم کے چیلنجز درپیش ہیں۔ ڈاکٹر شائستہ سہیل نے ا یس او ایس فاؤنڈیشن کاتعارف اوراغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خودنبی کریم ﷺ کو امت کے لیے بہترین نمونہ اور اسوہ حسنہ قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر حامد اشرف ہمدانی نے سیرتِ طیبہ ﷺمیں تعلیم و تدریس کی حیثیت و اہمیت پر آیات و احادیث پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول کریم ﷺ کی تعلیم و تربیت ہر دور کے لئے مشعلِ راہ ہے۔طہٰ قریشی نے نبی کریمﷺکی تعلیمی پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل بات چیت کی۔ انہوں نے تعلیم و تربیت کے نظام میں وقت کے بدلتے تقاضوں کے ساتھ اصلاحات کی ضرورت پر زوردیا۔سیمینار میں نصاب تعلیم کی تبدیلی، تربیت یافتہ اساتذہ کا انتخاب، تعلیمی ضروریات پرنظرثانی،نبی کریمﷺ کی سیرت طیبہ کو تمام تعلیمی مدارج میں شاملِ نصاب کرنے، جامعات میں سیرت چیئرزکے قیام و تحقیق کے فروغ اور جامعات میں نبی کریم ﷺبحثیت معلم کو بطور مضمون شامل کرنے کی سفارشات پیش کی گئیں۔
پنجاب یونیورسٹی:ایسو سی ایٹ ڈگری پروگرام کی رول نمبر سلپس جاری
پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایسوسی ایٹ ڈگری آرٹس/سائنس پارٹ ٹو، سپیشل کیٹیگریز اور سماعت سے محروم امیدواروں کے سالانہ امتحانات 2024ء جبکہ ایسوسی ایٹ ڈگری کامرس پارٹ ون اورٹوسالانہ امتحانات2024ء کی رول نمبر سلپس ویب سائٹhttp://www.pu.edu.pk/splash/allied پر جاری کر دی ہیں۔جبکہ امتحانات 5جون 2024ء سے شروع ہوں گے۔