اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے سیکرٹری تعلیم و قائم مقام چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) ندیم محبوب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس پریزیڈنٹ (ریسرچ اینڈ انٹرپرائز) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید اور ڈائریکٹر (STBS & BIC) احسن مرزا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی جس میں باہمی تعاون کے امکانات اور اسلامی یونیورسٹی کے جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صدر IIUI نے قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی کو یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی اقدامات، تحقیقی منصوبوں اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے اپنی قیادت میں کیے گئے حکمتِ عملی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وائس پریزیڈنٹ (ریسرچ اینڈ انٹرپرائز) پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے یونیورسٹی کے جاری پروگرامز، ترجیحی تحقیقی شعبوں اور ادارے کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) کے تعاون سے چلنے والے وقف پراپرٹیز انویسٹمنٹ پراجیکٹ کی پیشرفت اور آئندہ اہداف سے بھی آگاہ کیا۔ندیم محبوب نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کو ایچ ای سی کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ صدر IIUI پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اس موقع پر سعودی عرب میں اعلیٰ تعلیم کے بدلتے ہوئے منظرنامے اور تعاون و اختراع کے نئے مواقع پر بھی گفتگو کی۔سیکرٹری تعلیم و قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی ندیم محبوب نے اسلامی یونیورسٹی کی پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ ادارہ صدر IIUI کی قیادت میں مزید ترقی کرے گا۔ انہوں نے وزارت تعلیم اور ایچ ای سی کی جانب سے تمام متعلقہ امور میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔