شعبہ مطالعہ پاکستان اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور پنجاب آرٹس کونسل کے اشتراک سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم وفات اور دفاع پاکستان کے حوالے سے عباسیہ کیمپس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بریگیڈیئر ڈاکٹر نادر علی نے پاکستان کے ہیروز، شہدائے پاکستان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والے سول سوسائٹی کے افراداور پاکستانیوں کے بطور پرعزم اور پراعتماد پاکستانی کے موضوع تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے پاک بھارت معرکوں خصوصا آپریشن بنیان المرصوص پر تفصیلی روشنی ڈالی اور افواج پاکستان کی شاندار کامیابی کے مختلف پہلو اجاگر کیے۔ ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل عتیق احمد نے قائد اعظم محمد علی جناح کے کلچرل وژن اور لیڈر شپ پر لیکچر دیا۔ چیئرپرسن شعبہ مطالعہ پاکستان ڈاکٹر روبینہ یاسمین نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور وقتا فوقتا اساتذہ ملازمین اور طلباو طالبات کے لیے مختلف عنوانات سے سیمینار منعقد کرتی ہے تاکہ نئی نسل اپنی تاریخ، ہیروز اور ان کی قربانیوں سے آگاہی حاصل کر سکے۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد اور سرپرستی پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار میں رجسٹرار محمد شجیع الرحمن ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد، سابق صدر بہاول پور پریس کلب نصیر احمد ناصر، گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاول پور کے اساتذہ اور طلباو طالبات، گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ شریک ہوئے۔ آئی یو بی پرفارمنگ آرٹ سوسائٹی کے طلباو طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔ سیمینار کی نظامت کے فرائض آغا صدف مہدی سینئر پروڈیوسر کیمپس ایف ایم ریڈیو نے ادا کیے۔